نئی دہلی:مرکزی وزیر برائے پیٹرولیم و قدرتی گیس ہردیپ سنگھ پوری نے منگل کے روز کہا کہ بھارت نے گزشتہ چار برسوں میں ایندھن کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا اور ملک کے پاس خام تیل، ایل این جی اور ایل پی جی کے وافر ذخائر موجود ہیں، باوجود اس کے کہ آبنائے ہرمز کے آس پاس جاری رکاوٹوں کی صورتحال برقرار ہے۔
سی آئی آئی سالانہ بزنس سمٹ 2026 کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا کے کئی ممالک توانائی کی قلت اور قیمتوں میں 50 سے 60 فیصد اضافے کا سامنا کر رہے ہیں، لیکن بھارت اس صورتحال میں نسبتاً مستحکم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آبنائے ہرمز کی بندش سے متعلق غیر یقینی صورتحال 28 فروری کو شروع ہوئی تھی اور اب یہ 75 دن سے جاری ہے، تاہم بھارت نے اس چیلنج کو موقع میں تبدیل کرتے ہوئے مقامی سطح پر ایل پی جی کی پیداوار میں اضافہ کیا ہے۔
وزیر کے مطابق پہلے ملک میں روزانہ ایل پی جی کی پیداوار 36 ہزار میٹرک ٹن تھی، جو اب بڑھا کر 54 ہزار میٹرک ٹن تک پہنچا دی گئی ہے۔ ہردیپ سنگھ پوری نے کہا کہ اس وقت بھارت کے پاس توانائی کے شعبے میں خاطر خواہ ذخائر موجود ہیں، جن میں 60 دن کا خام تیل، 60 دن کی ایل این جی اور 45 دن کی ایل پی جی کی سپلائی شامل ہے، جس سے ملک میں توانائی کی فراہمی بلا تعطل جاری ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ملک کو سپلائی کے حوالے سے کسی قسم کے بحران کا سامنا نہیں ہے اور ذخائر مکمل طور پر تسلی بخش ہیں۔ تاہم وزیر نے یہ بھی کہا کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو مالی دباؤ کا سامنا ہے کیونکہ طویل عرصے سے جاری رکاوٹوں کے باعث انہیں یومیہ تقریباً 1000 کروڑ روپے کے نقصان اور مجموعی طور پر تقریباً 1.98 لاکھ کروڑ روپے کی “انڈر ریکوری” کا سامنا ہے۔