آرٹیکل 370 کی منسوخی نے شیاما پرساد مکھرجی کا خواب پورا کیا: امت شاہ

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 23-06-2026
آرٹیکل 370 کی منسوخی نے شیاما پرساد مکھرجی کا خواب پورا کیا: امت شاہ
آرٹیکل 370 کی منسوخی نے شیاما پرساد مکھرجی کا خواب پورا کیا: امت شاہ

 



نئی دہلی
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے پیر کے روز ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی کی برسی پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے مکھرجی کو ملک کے عظیم ترین رہنماؤں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات نے ہندوستان کی یکجہتی اور سالمیت کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔
نئی دہلی میں نیفیڈ  کے نیلامی پورٹل کے آغاز کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امت شاہ نے کہا کہ 23 جون ہندوستانی جنتا پارٹی (بی جے پی) کے کارکنوں کے لیے خاص اہمیت کا حامل دن ہے، کیونکہ اسی دن شیاما پرساد مکھرجی نے قومی یکجہتی کے لیے اپنی جان قربان کی تھی۔انہوں نے کہا کہ آج 23 جون میرے جیسے بی جے پی سے وابستہ لاکھوں کارکنوں کے لیے ایک نہایت متاثر کن دن ہے۔ اسی روز شیاما پرساد مکھرجی نے ملک کو متحد رکھنے اور 'ایک ملک، ایک آئین، ایک قیادت' کے تصور کو عملی جامہ پہنانے کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا تھا۔
امت شاہ نے دعویٰ کیا کہ جموں و کشمیر کی ایک جیل میں قید کے دوران مشتبہ حالات میں مکھرجی کا انتقال ہوا تھا اور انہیں مناسب طبی سہولیات بھی فراہم نہیں کی گئی تھیں۔وزیر داخلہ نے تقسیم ہند کے دوران مکھرجی کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے جدوجہد کی کہ مغربی بنگال ہندوستان کا حصہ رہے جبکہ مشرقی بنگال پاکستان میں شامل ہو۔
انہوں نے کہا کہ آزادی سے قبل جب تقسیم ہو رہی تھی، شیاما پرساد مکھرجی نے انگریزوں کے خلاف جدوجہد کی تاکہ مغربی بنگال ہندوستان میں رہے اور مشرقی بنگال پاکستان میں شامل ہو جائے۔ اسی وجہ سے آج مغربی بنگال ہندوستان کا اٹوٹ حصہ ہے۔امت شاہ نے جموں و کشمیر کو ماضی میں حاصل خصوصی حیثیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دفعہ 370 نے خطے کے لیے ایک الگ آئینی ڈھانچہ تشکیل دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی آزادی کے بعد کشمیر میں دفعہ 370 نافذ کی گئی تھی۔ کشمیر کا اپنا جھنڈا، اپنا آئین، اپنا وزیر اعظم اور اپنا صدر تھا۔ یہ تصور ہندوستان کی یکجہتی اور سالمیت کے لیے انتہائی خطرناک تھا۔انہوں نے کہا کہ شیاما پرساد مکھرجی نے اس نظام کے خلاف تحریک شروع کی اور یہ نعرہ دیا کہ ایک ملک میں دو آئین، دو جھنڈے اور دو وزیر اعظم نہیں ہو سکتے۔
امت شاہ نے اُس وقت کے پرمنٹ سسٹم کے خلاف مکھرجی کی مہم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دہلی سے کشمیر تک ایک مارچ کیا۔ جب وہ کشمیر کی سرحد پر پہنچے تو ان سے پرمنٹ طلب کیا گیا۔ انہوں نے جواب دیا کہ 'کشمیر میرے ملک کا حصہ ہے، مجھے کسی پرمنٹ کی ضرورت نہیں۔انہوں نے کہا کہ پرمنٹ سسٹم کو تسلیم کرنے سے انکار کے بعد مکھرجی کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔
امت شاہ کے مطابق:انہیں وہاں گرفتار کر لیا گیا تھا۔ اسی مسئلے پر انہوں نے جواہر لال نہرو کی پہلی کابینہ میں وزیر صنعت کے عہدے سے بھی استعفیٰ دے دیا تھا۔مرکزی وزیر داخلہ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ 2019 میں دفعہ 370 کی منسوخی کے ساتھ شیاما پرساد مکھرجی کا خواب پورا ہو گیا۔
انہوں نے کہا کہ آج شیاما پرساد مکھرجی کا خواب حقیقت بن چکا ہے۔ دفعہ 370 ہٹا دی گئی ہے اور جس جماعت کی انہوں نے بنیاد رکھی تھی، یعنی ہندوستانی جن سنگھ، وہ آج ہندوستانی جنتا پارٹی کے نام سے جانی جاتی ہے، جو گنگا سے لے کر بنگال کے گنگا ساگر تک حکمرانی کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ نیفیڈ، جو 2014 میں بند ہونے کے دہانے پر پہنچ چکا تھا، آج انہی اقدامات کی بدولت 30 ہزار کروڑ روپے کا کاروبار اور 500 کروڑ روپے کا منافع حاصل کر چکا ہے، جبکہ ملک بھر کے 76 لاکھ کسانوں کو خدمات بھی فراہم کر رہا ہے۔