کولکاتہ
ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کی سربراہ ممتا بنرجی کو یہ الٹی میٹم دینے کے بعد کہ وہ ان اور اپنے بھتیجے ابھیشیک بنرجی میں سے کسی ایک کا انتخاب کریں، ٹی ایم سی کے رکنِ پارلیمنٹ کلیان بنرجی نے مصالحت آمیز رویہ اختیار کر لیا ہے۔ پارٹی کے اندر اختلافات کی خبروں کے درمیان کلیان بنرجی نے ہفتہ کو اپنے ساتھی رہنما ابھیشیک بنرجی کو ’’اپنا بیٹا‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ باپ کا فرض ہوتا ہے کہ وہ بیٹے کی تمام غلطیوں کو معاف کر دے۔
انہوں نے اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ میرے بیٹے کی طرح ہے۔ باپ کا کام ہوتا ہے کہ بیٹے کی تمام کوتاہیوں کو معاف کرے۔ ملک میں جمہوریت خطرے میں ہے۔ مغربی بنگال میں کبھی ایسا وقت نہیں آیا جب اپوزیشن کو مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہو۔ موجودہ حکومت انتقامی سیاست کر رہی ہے، جو جمہوریت کے لیے خطرناک ہے۔
سینئر ٹی ایم سی رہنما نے ان ناراض اراکینِ پارلیمنٹ کے بارے میں بھی بات کی جو لوک سبھا اسپیکر اوم برلا سے ملاقات کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انہیں جو کرنا ہے کریں۔ آخرکار انہیں بی جے پی کے سائے تلے رہنا پڑے گا۔ یہ سب ایک منصوبہ بند چال ہے۔ وہ اپنے حلقوں کی ترقی کو جواز کے طور پر پیش کرتے ہیں، لیکن جو لوگ اپنے حلقوں تک نہیں جا سکتے، وہ وہاں کیا کام کریں گے؟ مغربی بنگال میں جمہوریت ختم ہو چکی ہے۔ وزیر اعلیٰ سے ملاقاتوں کے باوجود گزشتہ ایک ماہ میں کیا ترقی ہوئی؟ بی جے پی اور پولیس ہمیں مسلسل ہراساں کر رہی ہیں۔ مغربی بنگال میں کسی بھی اپوزیشن جماعت کو اس طرح کے حالات کا سامنا نہیں کرنا پڑا جیسا آج ہمیں کرنا پڑ رہا ہے۔ جو 19 اراکینِ پارلیمنٹ بی جے پی میں جانے کی بات کر رہے ہیں، انہیں بھی بی جے پی قبول نہیں کرے گی۔
انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ٹی ایم سی کانگریس میں ضم نہیں ہو رہی۔کلیان بنرجی نے کہا کہ ہم کانگریس میں ضم نہیں ہو رہے ہیں۔ان کے یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب کرمنل انویسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ (سی آئی ڈی) کے اہلکاروں نے کولکاتا کے کالی گھاٹ علاقے میں ٹی ایم سی کے رکنِ پارلیمنٹ ابھیشیک بنرجی کی رہائش گاہ پر تلاشی مہم چلائی۔
ٹی ایم سی کی راجیہ سبھا رکن ساگاریکا گھوش نے دعویٰ کیا کہ پولیس ہفتہ کی صبح تین بجے ابھیشیک بنرجی کی رہائش گاہ پر پہنچی۔انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ 13 جون کی صبح 3 بجے پولیس ابھیشیک بنرجی کی کالی گھاٹ رہائش گاہ پر پہنچی۔ صبح 5 بجے تالے توڑنے کے لیے ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹیم کو بلایا گیا۔ صبح 6:30 بجے دوسری منزل سے چھت تک تقریباً 90 منٹ تک تلاشی لی گئی۔ نتیجہ کیا نکلا؟ ضبطی رپورٹ میں صاف لکھا ہے: ’کچھ نہیں‘۔ نہ کوئی ثبوت ملا، نہ کوئی بے ضابطگی، کچھ بھی نہیں۔ یہ صرف سیاسی انتقام، دھمکی اور ذہنی اذیت ہے۔ آپریشن لوٹس کے تحت ہر اس رہنما کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جو بی جے پی کے دباؤ کے آگے جھکنے سے انکار کرتا ہے۔ یہ ایک اپوزیشن رہنما پر شرمناک حملہ ہے اور انتقامی سیاست کی بدترین مثال ہے۔
یہ تمام پیش رفت ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب ریاست میں سیاسی ہلچل میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ اور ٹی ایم سی سربراہ ممتا بنرجی کے خلاف بھی ایک ایف آئی آر درج کی گئی ہے، جس میں ان پر خصوصی نظرثانی مہم (ایس آئی آر) کے خلاف احتجاج کے دوران مبینہ فرقہ وارانہ بیانات دینے کا الزام لگایا گیا ہے۔
الزامات کے مطابق ممتا بنرجی نے ایک اقلیتی برادری کے افراد سے کہا تھا کہ ان کی سلامتی ان کی قیادت سے وابستہ ہے، اور انہیں بی جے پی کے ’’گمراہ کن بیانات‘‘ سے متاثر نہیں ہونا چاہیے۔