نئی دہلی: غیر قانونی اسلحہ کی اسمگلنگ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے مشرقی ضلع کی انسداد موٹر گاڑی چوری دستے نے زبیر نامی ایک ملزم کو غیر قانونی اسلحہ اور گولہ بارود رکھنے کے الزام میں گرفتار کر لیا۔ پولیس نے اس کے قبضے سے اٹلی ساختہ ایک نیم خودکار پستول۔ دو زندہ کارتوس اور اسلحہ کی نقل و حمل میں استعمال ہونے والا سوزوکی ایکسیس اسکوٹر برآمد کیا ہے۔پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اعلیٰ افسران کی ہدایت پر غیر قانونی اسلحہ کی اسمگلنگ پر قابو پانے اور جرائم پر مؤثر کنٹرول کے لیے انسداد موٹر گاڑی چوری دستہ مسلسل خفیہ معلومات جمع کر رہا تھا۔ اسی مقصد کے تحت ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔
بیان کے مطابق منگل کے روز پولیس کو خفیہ اطلاع ملی کہ ایک شخص غیر قانونی پستول اور زندہ کارتوس کے ساتھ آنے والا ہے۔ اطلاع کی بنیاد پر دہلی کے غازی پور علاقے میں واقع پیپر مارکیٹ۔ ملا کالونی۔ آئی ایف سی کے قریب ناکہ بندی کر کے جال بچھایا گیا۔کارروائی کے دوران زبیر کو گرفتار کر لیا گیا۔ تلاشی لینے پر اس کے قبضے سے ایک نیم خودکار پستول اور دو زندہ کارتوس برآمد ہوئے۔ اسلحہ کی نقل و حمل کے لیے استعمال ہونے والا سوزوکی ایکسیس اسکوٹر بھی ضبط کر لیا گیا۔
اس معاملے میں غازی پور تھانے میں اسلحہ قانون کی دفعات 25۔54۔59 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ملزم کو گرفتار کر کے پولیس ریمانڈ پر لے لیا گیا ہے۔تفتیش کے دوران ملزم نے انکشاف کیا کہ اس نے پستول اور کارتوس ایک سپلائر سے خریدے تھے تاکہ انہیں غیر قانونی منافع کمانے کی غرض سے آگے فروخت کر سکے۔پولیس غیر قانونی اسلحہ سپلائی کرنے والے اس نیٹ ورک کے دیگر ارکان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔