پنجاب میں نجی اسکولوں کو 5 فیصد سے زائد فیس واپس کرنے کا حکم: کیجریوال

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 05-06-2026
پنجاب میں نجی اسکولوں کو 5 فیصد سے زائد فیس واپس کرنے کا حکم: کیجریوال
پنجاب میں نجی اسکولوں کو 5 فیصد سے زائد فیس واپس کرنے کا حکم: کیجریوال

 



نئی دہلی
نجی اسکولوں کی جانب سے فیس میں من مانے اضافے پر روک لگانے کے لیے پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ بھگونت سنگھ مان کے تاریخی فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے کہا ہے کہ پنجاب ملک کی پہلی ریاست بن گئی ہے جس نے نجی تعلیمی اداروں کی بے لگام منافع خوری کے خلاف فیصلہ کن قدم اٹھایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھگونت سنگھ مان حکومت نے نجی اسکولوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ فیس میں 5 فیصد سے زیادہ کیے گئے اضافے کی رقم والدین کو واپس کریں، جس سے بڑھتے ہوئے تعلیمی اخراجات کے بوجھ تلے دبے لاکھوں والدین کو بڑی راحت ملے گی۔
عام آدمی پارٹی کے سربراہ نے یاد دلایا کہ اس سے قبل دہلی میں بھی عام آدمی پارٹی کی حکومت نے نجی اسکولوں کو غیرمنصفانہ فیس اضافہ واپس لینے پر مجبور کیا تھا اور اب پنجاب بھی عوام دوست طرزِ عمل پر عمل پیرا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک جانب حکومت سرکاری اسکولوں کو جدید اور مضبوط بنا رہی ہے، تو دوسری جانب نجی اسکولوں میں زیرِ تعلیم طلبہ کو ضرورت سے زیادہ اور من مانے فیس اضافوں سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے بھی پُرعزم ہے۔ اروند کیجریوال نے مزید کہا کہ پنجاب نے پورے ملک کے لیے ایک مثال قائم کی ہے اور ایسے ہی اقدامات ملک بھر میں نافذ کیے جانے چاہییں تاکہ نجی اسکولوں کی من مانی پر قابو پایا جا سکے۔
ویڈیو پیغام میں عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر نے کہا ہ پنجاب میں عام آدمی پارٹی کی حکومت نے ایک نہایت اہم فیصلہ کیا ہے۔ دو دن قبل وزیرِ اعلیٰ بھگونت سنگھ مان نے اعلان کیا تھا کہ جلد ایک نیا قانون لایا جائے گا جس کے تحت کوئی بھی نجی اسکول ایک سال میں 5 فیصد سے زیادہ فیس نہیں بڑھا سکے گا۔ اس حد میں ٹیوشن فیس، لائبریری فیس، ترقیاتی فیس اور دیگر تمام اقسام کی فیس شامل ہوں گی۔ کسی بھی اسکول کو مجموعی فیس کے بوجھ میں سالانہ 5 فیصد سے زیادہ اضافہ کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
مجوزہ قانون کی ایک اہم شق پر روشنی ڈالتے ہوئے کیجریوال نے کہا کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ گزشتہ تین برسوں کے دوران جن نجی اسکولوں نے مقررہ حد سے زیادہ فیس میں اضافہ کیا ہے، انہیں اضافی وصول کی گئی رقم والدین کو واپس کرنا ہوگی۔ مثال کے طور پر اگر کسی اسکول نے گزشتہ تین سال میں فیس میں 50 فیصد اضافہ کیا ہے تو اسے اس اضافے میں سے 35 فیصد رقم واپس کرنا ہوگی۔‘اس اقدام کو بے مثال قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا، ’’کیا ہندوستان کی تاریخ میں کبھی ایسا ہوا ہے کہ کسی نجی اسکول کو والدین کو رقم واپس کرنے کا حکم دیا گیا ہو؟ دہلی میں عام آدمی پارٹی کی حکومت نے یہ کر کے دکھایا تھا اور اب پنجاب میں بھی ایسا ہی ہونے جا رہا ہے۔
تعلیم کے شعبے میں پنجاب حکومت کے عزم کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر والدین کی خواہش ہوتی ہے کہ ان کے بچوں کو بہترین تعلیم حاصل ہو۔ ایک طرف ہم پنجاب کے سرکاری اسکولوں میں انقلابی تبدیلیاں لا رہے ہیں۔ آج پنجاب نے کیرالہ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے تعلیم کے میدان میں ملک کی نمبر ایک ریاست کا مقام حاصل کر لیا ہے۔
کیجریوال نے کہا کہ حکومت ان خاندانوں کے تحفظ کے لیے بھی سنجیدہ ہے جن کے بچے نجی اسکولوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام نجی اسکول برے نہیں ہیں، لیکن کچھ ادارے غیرضروری اور غیرمنصفانہ فیس اضافہ کر کے والدین پر بھاری مالی بوجھ ڈال دیتے ہیں۔ یہ فیصلہ والدین اور طلبہ دونوں کو راحت فراہم کرنے کی سمت ایک بڑا قدم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ مسئلہ صرف پنجاب تک محدود نہیں ہے بلکہ پورے ملک سے متعلق ہے۔ ان کے مطابق، ’’نجی اسکولوں کی من مانی پر پورے ملک میں روک لگائی جانی چاہیے۔ پنجاب نے جو قدم اٹھایا ہے، وہ پورے ملک کے لیے ایک نمونہ بننا چاہیے۔ والدین کو غیرمنصفانہ فیس اضافوں سے بچانے اور تعلیمی شعبے میں جوابدہی کو یقینی بنانے کے لیے اسی طرح کے قوانین ہر جگہ نافذ کیے جانے چاہییں۔