عام آدمی پارٹی نے پنجاب کے حالات بنگال سے بھی بدتر کردیئے: سینی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 08-05-2026
عام آدمی پارٹی نے پنجاب کے حالات بنگال سے بھی بدتر کردیئے: سینی
عام آدمی پارٹی نے پنجاب کے حالات بنگال سے بھی بدتر کردیئے: سینی

 



نئی دہلی
ہریانہ کے وزیر اعلیٰ نائب سنگھ سینی نے جمعہ کو عام آدمی پارٹی (آپ) پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کی حکومت نے پنجاب کے حالات کو ممتا بنرجی کی قیادت والے مغربی بنگال سے بھی ’’بدتر‘‘ بنا دیا ہے۔سینی نے کئی معاملات پر کانگریس کو بھی نشانہ بنایا۔ انہوں نے کانگریس لیڈر راہل گاندھی سے ہریانہ میں ’’ووٹ چوری‘‘ کے الزامات لگانے اور ریاست کی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت کو ’’گھس پیٹھیا‘‘ کہنے پر ملک سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔
ترنمول سپریمو پر تنقید کرتے ہوئے سینی نے کہا کہ ممتا بنرجی کہہ رہی ہیں کہ وہ استعفیٰ نہیں دیں گی؟ اگر وزیر اعلیٰ کی کرسی انہیں اتنی ہی عزیز ہے تو وہ اسے اپنے گھر لے جا سکتی ہیں۔ لیکن عوام نے بی جے پی کو مینڈیٹ دیا ہے اور انہیں اس مینڈیٹ اور جمہوریت کا احترام کرنا چاہیے، مگر وہ ایسا نہیں کر رہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب وہ (ترنمول کانگریس) اقتدار میں تھے تو یہ نہیں دیکھتے تھے کہ وہ کیا کر رہے ہیں۔ مغربی بنگال میں ایسی صورتحال تھی کہ لوگوں کا قتل ہو جاتا تھا اور ایف آئی آر تک درج نہیں کی جاتی تھی۔ ترنمول کی حکومت ختم ہونے پر وہاں کے لوگ کتنے خوش ہیں۔سینی نے یہ تبصرے ایک پریس کانفرنس میں کیے، جہاں انہوں نے مختلف اسکیموں کے تحت مستحقین کو مالی فوائد منتقل کیے۔پنجاب کی ’آپ‘ حکومت پر شدید حملہ کرتے ہوئے سینی نے الزام لگایا کہ وہ بدعنوانی میں ملوث ہیں اور عوام اس سے تنگ آ چکے ہیں، جبکہ صنعت کار دوسری ریاستوں کا رخ کر رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جب ’آپ‘ اقتدار میں آئی تھی تو اس نے منشیات کے مسئلے کو ختم کرنے کا وعدہ کیا تھا، لیکن انہوں نے الزام لگایا کہ پنجاب میں ’آپ‘ کی حکومت کے دوران منشیات کے کاروبار میں ملوث افراد کو تحفظ دیا جا رہا ہے۔سینی نے دعویٰ کیا کہ پنجاب کے ایک شخص نے انہیں بتایا کہ جب اس نے منشیات فروخت کرنے والے ایک شخص کی شکایت کی تو اسی شکایت کنندہ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کی صورتحال انتہائی خوفناک ہے۔ انہوں نے (’آپ‘ حکومت) پنجاب کے حالات مغربی بنگال سے بھی بدتر بنا دیے ہیں۔ پنجاب کے لوگ تنگ آ چکے ہیں اور وہ ریاست میں وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ’ڈبل انجن‘ حکومت بنتی دیکھنا چاہتے ہیں۔کانگریس پر حملہ کرتے ہوئے سینی نے کہا کہ پارٹی ہمیشہ مسائل تلاش کرتی رہتی ہے اور جب اسے کچھ نہیں ملتا تو وہ ’’ووٹ چوری‘‘ کا الزام لگانے لگتی ہے۔
کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے بدھ کو الزام لگایا تھا کہ لوک سبھا میں بی جے پی کے ہر چھٹے رکن نے ’’ووٹ چوری‘‘ کے ذریعے اپنی نشست جیتی ہے اور سوال کیا تھا کہ کیا ان لوگوں کو پارٹی ہی کی زبان میں ’’گھس پیٹھیا‘‘ کہا جانا چاہیے۔راہل نے دعویٰ کیا تھا کہ اگر منصفانہ انتخابات ہوں تو بی جے پی آج لوک سبھا میں 140 نشستیں بھی نہیں جیت پائے گی۔کانگریس لیڈر پر پلٹ وار کرتے ہوئے سینی نے کہا کہ راہل گاندھی کس قسم کی زبان استعمال کر رہے ہیں۔ وہ کہہ رہے ہیں کہ پوری حکومت ’گھس پیٹھیا‘ ہے؟ انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ وزیر اعظم مودی نے ہی گھس پیٹھیوں کو روکا تھا۔ ان کی (کانگریس) حکومت کے دوران کتنے گھس پیٹھی آتے تھے اور ہمارے ملک کے شہریوں کی جان تک لے لیتے تھے۔ کیا راہل کو وہ وقت یاد نہیں ہے؟