اڈیشہ میں طیارہ گر کر تباہ

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 10-01-2026
اڈیشہ میں طیارہ گر کر تباہ
اڈیشہ میں طیارہ گر کر تباہ

 



بھونیشور/ آواز دی وائس
اوڈیشہ کے راؤرکیلا میں ہفتہ کے روز ایک بڑا حادثہ پیش آیا۔ رگھوناتھ پلی علاقے کے جلدا اے بلاک کے قریب ایک 9 سیٹر طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا۔ حادثے کے وقت طیارے میں کل چھ افراد سوار تھے، جن میں چار مسافر اور دو کریو ممبرز شامل تھے۔ تمام افراد کو بحفاظت باہر نکال کر اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، یہ ون ایئر کا طیارہ راؤرکیلا سے بھونیشور جا رہا تھا اور ٹیک آف کے تقریباً 10 کلومیٹر بعد حادثے کا شکار ہو گیا۔ حادثے میں طیارہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا، جبکہ تمام مسافروں کو چوٹیں آئیں۔
تکنیکی خرابی کے باعث طیارہ حادثے کا شکار
مقامی انتظامیہ اور پولیس موقع پر پہنچ گئی ہے اور حادثے کی وجوہات کی جانچ کی جا رہی ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق تکنیکی خرابی کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ جیسے ہی پائلٹ کو طیارے میں خرابی کا احساس ہوا، اس نے ایک کھیت میں ہنگامی لینڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ پائلٹ نے سمجھداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے کو کھیت میں اتار لیا، تاہم اس دوران پائلٹ سمیت مسافروں کو کافی چوٹیں آئیں۔
طیارے کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے۔ حادثے کے بعد سامنے آنے والی ویڈیوز میں زخمی مسافر زمین پر پڑے دکھائی دے رہے ہیں، جبکہ آس پاس کے لوگ ان کی مدد کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پائلٹ بھی اس حادثے میں زخمی ہوا ہے۔ حکام کے مطابق پولیس اور فائر بریگیڈ کے اہلکار جائے حادثہ پر موجود ہیں۔ اس طیارے کو کیپٹن نوین اور کیپٹن شری واستَو اُڑا رہے تھے۔
بیجو پٹنایک انٹرنیشنل ایئرپورٹ  نے کریش لینڈنگ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پائلٹ نے سسٹم میں تکنیکی خرابی دیکھتے ہی گھاس کے میدان کو دیکھ کر طیارے کو پیٹ کے بل اتارنے کی کوشش کی، جس کے باعث تمام مسافر محفوظ رہے، اگرچہ خود پائلٹ کو چوٹیں آئیں۔ زخمیوں کی حالت کتنی سنگین ہے، اس کا فی الحال اندازہ نہیں لگایا جا سکا ہے۔