آندھرا پردیش میں ٹرین حادثہ

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 29-12-2025
آندھرا پردیش میں ٹرین حادثہ
آندھرا پردیش میں ٹرین حادثہ

 



آندھرا پردیش/ آواز دی وائس
آج علی الصبح آندھرا پردیش کے اناکاپلّی میں ایلامنچلی کے قریب ٹاٹا–ایرناکولم ایکسپریس کے دو ڈبوں میں آگ لگ گئی۔ لوکو پائلٹ نے بروقت ہوشیاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوراً ٹرین روک دی اور تمام مسافروں کو بحفاظت باہر نکال لیا۔ اناکاپلّی کے ایس پی توہین سنہا کے مطابق، اس آگ لگنے کے واقعے میں ایک مسافر کی جان چلی گئی۔
ٹاٹا–ایرناکولم ایکسپریس میں یہ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب مسافر گہری نیند میں تھے۔ آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی ٹرین میں افرا تفری مچ گئی۔ دیکھتے ہی دیکھتے بوگیاں شعلوں کی لپیٹ میں آ گئیں۔ ریلوے کے پی آر او کے مطابق، حادثے میں ایک ڈبے میں آگ بھڑک اٹھی تھی۔
پیر کے روز ٹاٹا–ایرناکولم ایکسپریس کے بی ون (بی 1) اور ایم ٹو (ایم 2) کوچ میں اچانک آگ لگ گئی۔ آگ لگتے ہی ٹرین میں کھلبلی مچ گئی، تاہم بروقت کارروائی کے باعث تمام مسافروں کو محفوظ باہر نکال لیا گیا۔ اس حادثے میں ایک شخص کی لاش برآمد کی گئی ہے۔ آگ کے سبب ٹرین کے دونوں کوچ مکمل طور پر جل کر خاک ہو گئے۔
لوکو پائلٹ نے آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی ٹرین فوراً روک دی، جس کے بعد ریلوے ملازمین اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی۔ تاہم فائر بریگیڈ کے پہنچنے تک دونوں کوچ مکمل طور پر جل چکے تھے۔
ٹاٹا–ایرناکولم ایکسپریس سے ایک لاش برآمد
ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ یہ حادثہ یلامنچلی کے قریب پیش آیا۔ انہوں نے بتایا کہ آگ لگنے کے وقت متاثرہ کوچوں میں سے ایک میں 82 مسافر جبکہ دوسرے میں 76 مسافر سوار تھے۔ بدقسمتی سے بی ون کوچ سے ایک لاش برآمد ہوئی، جس کی شناخت چندرشیکھر سندرم کے طور پر کی گئی ہے۔ چند مسافر معمولی طور پر جھلس بھی گئے ہیں۔ حادثے میں مسافروں کا تمام سامان بھی جل کر راکھ ہو گیا۔
آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے فارنسک جانچ
پولیس افسر نے صحافیوں کو بتایا کہ متاثرہ دونوں ڈبوں کو ٹرین سے الگ کر دیا گیا، جس کے بعد ٹرین ایرناکولم کی جانب روانہ ہو گئی۔ متاثرہ کوچوں کے مسافروں کو ان کی منزلوں تک پہنچانے کے انتظامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آگ لگنے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے دو فارنسک ٹیمیں تحقیقات کر رہی ہیں۔