سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے ایران کے اتحاد کو سراہا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 24-04-2026
سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے ایران کے اتحاد کو سراہا
سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے ایران کے اتحاد کو سراہا

 



تہران
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای نے ایرانی عوام کے درمیان مضبوط اتحاد کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس یکجہتی نے دشمن کو بڑا دھچکہ پہنچایا ہے، اور قومی اتحاد کو مزید مضبوط بنانے کے لیے عملی طور پر شکرگزاری ظاہر کرنے کی ضرورت ہے۔ 
جمعرات کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے پیغام میں سپریم لیڈر نے کہا کہ ہم وطنوں کے درمیان پیدا ہونے والے غیر معمولی اتحاد کی وجہ سے دشمن میں دراڑ پڑ گئی ہے"، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس سطح کی یکجہتی نے اُن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنا دیا ہے جو اسلامی جمہوریہ کو کمزور کرنا چاہتے تھے۔سپریم لیڈر نے اس نعمت پر شکرگزاری کو عملی اقدامات کے ذریعے ظاہر کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس سے قومی اتحاد "مزید مضبوط اور فولادی" ہوگا، جبکہ دشمن "مزید کمزور اور ناکام" ہو جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ دشمن کی میڈیا مہمات، جو عوام کے ذہنوں اور نفسیات کو نشانہ بنا رہی ہیں، کا مقصد قومی اتحاد اور سلامتی کو کمزور کرنا ہے؛ ہمیں اپنی غفلت سے اس ناپاک ارادے کو کامیاب نہیں ہونے دینا چاہیے۔رپورٹ  کے مطابق، آیت اللہ خامنہ ای کا یہ پیغام ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران کو امریکہ، اسرائیل اور ان کے مغربی اتحادیوں کی جانب سے پابندیوں، دھمکیوں اور پروپیگنڈا مہمات سمیت مختلف دباؤ کا سامنا ہے۔
اس سے قبل ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ملک کی قیادت میں کسی بھی قسم کی اندرونی تقسیم کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ "شدت پسند" اور "اعتدال پسند" کے درمیان اختلافات کی باتیں بے بنیاد ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام ایرانی "انقلابی" ہیں اور سپریم لیڈر کے ساتھ مکمل طور پر متحد ہیں، اور ملک کسی بھی بیرونی جارحیت کے خلاف ایک ساتھ کھڑا ہے۔
ان کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران کی سیاسی اور فوجی قیادت کے درمیان اختلافات موجود ہیں۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس  پر ایک پوسٹ میں مسعود پزشکیان نے لکھا کہ ایران میں نہ کوئی شدت پسند ہے نہ اعتدال پسند؛ ہم سب ‘ایرانی’ اور ‘انقلابی’ ہیں، اور قوم و حکومت کے فولادی اتحاد اور سپریم لیڈر کی مکمل اطاعت کے ساتھ ہم جارح مجرم کو اس کے عمل پر پچھتانے پر مجبور کریں گے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ایک خدا، ایک قوم، ایک رہنما اور ایک راستہ؛ اور وہ راستہ ہمارے عزیز ایران کی فتح کا راستہ ہے، جو ہماری جان سے بھی زیادہ قیمتی ہے۔