کٹھوعہ میں سرحد پر 150 میٹر طویل سرنگ دریافت

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 23-01-2021
کٹھوعہ میں سرحد پر 150 میٹر طویل سرنگ
کٹھوعہ میں سرحد پر 150 میٹر طویل سرنگ

 

جموں: بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) نے جموں وکشمیر کے ضلع کٹھوعہ کے ہیرا نگر سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد پر 150 میٹر لمبی سرنگ کا سراغ لگانے کا دعویٰ کیا ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے ہفتے کے روز ٹنل سرچ آپریشن کے دوران ایک سرنگ کا پتہ لگایا۔ یہ سرنگ بین الاقوامی سرحد پر پنسار علاقے میں کھودی گئی تھی جو تیس میٹر گہری تھی۔
انہوں نے کہا کہ یہ سرنگ جنگجوؤں کو سرحد کے اس طرف دھکیلنے کے لئے کھودی گئی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سرنگ کا پتہ لگتے ہی سیکورٹی فورسز نے پورے علاقے کو محاصرے میں لے کر آپریشن کو مزید بڑھایا ہے۔
بی ایس ایف کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر جموں کے پنسار میں ہفتے کی علی الصبح اینٹی ٹنل آپریشن چلایا گیا جس کے دوران ایک 150 میٹر لمبی اور 30 فٹ گہری ٹنل دریافت کی گئی۔
اس میں کہا گیا کہ بی ایس ایف نے اسی علاقے میں جون 2020 کو اسلحہ لے جا رہے ایک پاکستانی ہیکسا کاپٹر کو مارا گرایا تھا۔ نومبر 2019 کو بی ایس ایف نے اسی علاقے میں دراندازی کی ایک کوشش ناکام بنائی تھی۔
قابل ذکر ہے کہ سیکورٹی فورسز نے دس روز قبل ہی ہیرا نگر سیکٹر کے بوبیان گاؤں میں بین الاقوامی سرحد پر ایک سرنگ کا سراغ لگایا تھا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق گذشتہ چھ ماہ کے دوران بین الاقوامی سرحد پر چار سرنگوں کا پتہ لگایا گیا ہے۔
تاہم بی ایس ایف کے بیان کے مطابق سانبہ، ہیرا نگر اور کٹھوعہ علاقوں میں گذشتہ چھ ماہ کے دوران یہ دریافت کی جانے والی چوتھی ٹنل ہے جبکہ مجموعی طور پر جموں میں دریافت شدہ دسویں ٹنل ہے۔
(ایجنسی ان پٹ کے ساتھ)