دھرمندر پردھان کا استعفیٰ ناقابلِ سمجھوتہ ہے۔ احتجاج جاری رہے گا۔ سی جے پی

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 23-07-2026
دھرمندر پردھان کا استعفیٰ ناقابلِ سمجھوتہ ہے۔ احتجاج جاری رہے گا۔ سی جے پی
دھرمندر پردھان کا استعفیٰ ناقابلِ سمجھوتہ ہے۔ احتجاج جاری رہے گا۔ سی جے پی

 



نئی دہلی:کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کے چیف ترجمان سوربھ داس نے بدھ کے روز کہا کہ مرکزی وزیر تعلیم دھرمندر پردھان کا استعفیٰ "ناقابلِ سمجھوتہ" ہے اور جب تک یہ مطالبہ پورا نہیں ہوتا احتجاج جاری رہے گا۔سوربھ داس نے بتایا کہ دن بھر ان کی کئی مرتبہ سونم وانگچک سے بات ہوئی اور دونوں اس بات پر متفق ہوئے کہ احتجاج مکمل طور پر پرامن رہنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سونم وانگچک نے بھی عوامی طور پر تمام مظاہرین سے اپیل کی ہے کہ وہ امن برقرار رکھیں اور احتجاج کو صحیح انداز میں جاری رکھیں۔سوربھ داس نے الزام لگایا کہ ماضی میں ملک کے مختلف احتجاجی مظاہروں میں برسراقتدار حکومت سے وابستہ سماج دشمن عناصر مظاہروں میں گھس کر انہیں خراب کرتے رہے ہیں۔ اس کے بعد پرامن احتجاج کرنے والوں کو ہی مورد الزام ٹھہرایا جاتا ہے اور اس بار ایسا نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے مرکزی وزیر اور بی جے پی صدر جے پی نڈا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں شرم آنی چاہیے۔ لوگ 30 دن سے زیادہ عرصے سے یہاں بیٹھے ہوئے ہیں اور سیاست وہ کر رہے ہیں۔وزیر تعلیم دھرمندر پردھان کے استعفے کے مطالبے پر سوربھ داس نے کہا کہ ان کا استعفیٰ ناقابلِ سمجھوتہ ہے۔ جب تک استعفیٰ نہیں دیا جاتا احتجاج جاری رہے گا خواہ اس میں کتنا ہی وقت کیوں نہ لگ جائے۔

دوسری جانب مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا نے بدھ کے روز کہا کہ امتحانی پرچے لیک ہونے کے معاملے کو سیاسی رنگ نہیں دینا چاہیے کیونکہ یہ ایک سنجیدہ مسئلہ ہے جس پر گہرائی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔راجیہ سبھا میں قائد ایوان جے پی نڈا نے کہا کہ حکومت پارلیمنٹ میں نیٹ یو جی امتحان کے پرچہ لیک معاملے کے ہر پہلو پر تفصیلی بحث کے لیے تیار ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت ذمہ دار بھی ہے اور عوام کے مسائل کے تئیں حساس بھی۔انہوں نے کہا کہ الزام تراشی سے آگے بڑھ کر اس معاملے پر سنجیدگی سے بحث ہونی چاہیے اور اس کے لیے پارلیمنٹ بہترین پلیٹ فارم ہے۔ حکومت اس پر مکمل اور تفصیلی گفتگو کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ جاننا ضروری ہے کہ پرچے لیک ہونے کی وجوہات کیا ہیں۔ اس میں کون لوگ ملوث ہیں۔ مرکزی حکومت نے اس معاملے میں کیا اقدامات کیے ہیں اور دیگر حکومتوں کو ایسے واقعات سے نمٹنے کے لیے کیا کرنا چاہیے۔جے پی نڈا نے مزید کہا کہ لاکھوں طلبہ کے ساتھ انصاف کو یقینی بنانے کے لیے اس مسئلے کا مستقل حل تلاش کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔