کمپیوٹر کا استعمال اورآنکھوں کوکیسے رکھیں محفوظ

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 26-10-2023
کمپیوٹر کا استعمال اورآنکھوں کوکیسے رکھیں محفوظ
کمپیوٹر کا استعمال اورآنکھوں کوکیسے رکھیں محفوظ

 

آج کل کا دور ٹیکنالجی کا دور ہے۔ صبح کے آغاز سے لے کر شام  کے آخری پہر تک ہر انسان انٹرنیٹ کے جال میں جکڑا ہوا ہے۔ بچوں کے اسکول سے لے کر دفتر کے کاموں کے لیے ہر کوئی صرف ٹیکنالوجی پر منحصر ہے۔ جس کے باعث ان کی بینائی متاثر ہوتی ہے اور چہرے پر عینک سج جاتی ہے۔ کمپیوٹر یا موبائل فون یا اسکرین سے نکلنے والی تیز روشنی آنکھوں پر اضافی دباؤ ہی نہیں بلکہ ان کی سوزش، درد اور خشکی کا باعث بھی بنتی ہے جن سے بچنے کے لیے کچھ احتیاطی تدابیر کے علاوہ احتیاط ضروری ہے۔

سمارٹ فونز یا اسکرین کی چمک

سمارٹ فونز پراسکرین کی چمک کو کم کرنے کے لیے متعدد پروگرامز موجود ہیں جنہیں انسٹال کرنے کے بعداسکرین کی چمک کو مناسب حد تک کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سمارٹ فونز کو نائٹ موڈ سافٹ ویئر پر ہی استعمال کیا جائے جو اینڈرائیڈ اور آئی فون اسٹور میں دستیاب ہے۔

آنکھوں پر دباؤ سائنسی تحقیق کے نتیجے کے مطابق وہ افراد جو زیادہ دیر تک کمپیوٹر پر کام کرتے ہیں ان کی نظر کے متاثر ہونے کے امکانات بہت زیادہ ہوتے ہیں۔ آنکھوں پر پڑنے والے دباؤ سے نہ صرف آنکھیں سرخ رہتی ہیں بلکہ جسمانی صحت پر بھی منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، جبکہ ذہنی انتشار بھی بڑھتا ہے جس کے باعث کام میں غلطیوں کے تناسب میں اضافہ ہوتا ہے۔

دیر تک کمپیوٹرکا استعمال اور آنکھوں کی حفاظت

اپنی اسکرین کی روشنی کو کنٹرول کریں کیونکہ کمپیوٹر پر نظریں جمانے سے بینائی متاثر ہوتی ہے۔ اس کے لیے اپنی آنکھوں کو تھوڑی دیر آرام دیں۔ ایسا کرنے سے آپ کو ابتدا میں قدرے دشواری پیش آئے گی، تاہم وقت کے ساتھ ساتھ اس کی عادت ہو جائے گی اس طرح آپ آنکھوں کو محفوظ رکھتے ہوئے زیادہ دیر تک کمپیوٹر استعمال کر سکتے ہیں۔اسکرین کے کلر ٹمپریچر کو کم رکھیں۔ یہ ایک فنی اصطلاح ہے جو رنگین اسکرینوں کے لیے استعمال ہوتی ہے۔ اس میں نیلے رنگ کی شعاعوں کو کم کیا جاتا ہے جو دیگر رنگوں مثلاً پیلے، نارنجی اور لال کی نسبت بینائی پر زیادہ اثر انداز ہوتی ہیں۔ اندھیرے میں اسکرین کے استعمال سے گریز کریں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ سمارٹ فون یا کمپیوٹر کو کبھی مکمل اندھیرے میں استعمال نہ کریں۔ اندھیرے میں کمپیوٹر یا سمارٹ فون کی اسکرین سے نکلنے والی روشنی براہ راست آنکھوں پر اثر انداز ہوتی ہے کیونکہ اطراف میں تاریکی کی وجہ سے اس روشنی کی چمک بڑھ جاتی ہے جس سے آنکھوں پر بہت زیادہ دباؤ پڑتا ہے۔ کمپیوٹر اگر اندھیرے میں استعمال کرنا ضروری ہو تو اس صورت میں اسکرین کی روشنی کو کم کریں اور زیادہ دیر تک استعمال نہ کریں۔

آپ کی اسکرین اگر چھوٹی ہے تو اس صورت میں یہ ضروری ہے کہ آپ حروف کے سائز کو بڑا کر لیں تاکہ آنکھوں پر زیادہ دباؤ نہ پڑے۔ کمپیوٹراسکرین پر دیر تک کام کرنے والوں کے لیے ضروری ہے کہ اپنی بینائی کی حفاظت کریں اور کوشش کریں کہ آپ کی آنکھیں خشک نہ ہوں اس کے لیے وقتاً فوقتاً پلکوں کو جھپکتے رہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ آنکھ میں پیدا ہونے والی رطوبت جلد ہی خشک ہو جاتی ہے۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ پلکوں کو ہر تھوڑی دیر بعد جھپکائیں کیونکہ آپ جیسے ہی پلکیں جھپکاتے ہیں تو نمی آنکھوں میں جاتی ہے جبکہ بہت وقفے کے بعد ایسا کرنے سے آنکھوں کی نمی خشک ہو جاتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ کمپیوٹر استعمال کرنے والوں کے لیے 20 منٹ کی ورزش سود مند ثابت ہوتی ہے جس کے لیے ہر 20 منٹ بعد اس مشق کو دہرائیں۔ ہر 20 منٹ بعد آنکھوں کو بند کر کے پلکوں کو 10 بار جھپکائیں جیسے کہ آپ نیند سے قبل سونے کی تیاری میں ہوں اس سے آپ کی آنکھوں کو مطلوبہ مقدار میں نمی حاصل ہو جاتے گی۔ اس ورزش سے آنکھوں پر پڑنے والے دباؤ میں بھی کمی آئے گی جس کی وجہ کافی دیر تک کمپیوٹراسکرین کو دیکھنا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ مسلسل بغیر وقفے کے زیادہ دیر تک کمپیوٹر کا استعمال نہ کریں بلکہ درمیان میں مناسب وقفہ بھی کریں۔ اس سے نہ صرف آنکھوں پر اضافی دباؤ نہیں پڑے گا بلکہ مسلسل کام کرنے کی صورت میں کام کا معیار اور صحت متاثر ہونے کا اندیشہ بھی برقرار رہتا ہے۔