کشمیر: لیپرو سکوپک ڈاکٹر مشتاق چالکو پیٹنٹ ایوارڈ سے سرفراز

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 27-01-2022
کشمیر: لیپرو سکوپک ڈاکٹر مشتاق چالکو پیٹنٹ ایوارڈ سے سرفراز
کشمیر: لیپرو سکوپک ڈاکٹر مشتاق چالکو پیٹنٹ ایوارڈ سے سرفراز

 

 

آواز دی وائس، سری نگر

وادی کشمیر کے معروف لیپرو سکوپک اور بیریا ٹرک سرجن پروفیسر ڈاکٹر مشتاق چالکو کو آٹھ برسوں کی مسلسل کاوشوں کے بعد قومی پینٹ ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا ۔

انہیں مرکزی حکومت کی طرف سے یہ ایوارڈ ’چالکو ریٹریکٹر ان منی لیپ کو لیسیسٹیکٹومی‘ کے اعزاز میں دیا گیا جبکہ جموں و کشمیر حکومت نے بھی ’لیپرو سکوپی اینڈ مینمل ایکسس سرجری‘ میں نئی اختراعات متعارف کرنے کے اعزاز میں انہیں ’سرٹیفیکیٹ آف اونر‘ سے سرفراز کیا ہے۔

انہوں نے سال 2013 میں اس پیٹنٹ کے لئے درخواست جمع کی تھی جس کے لئے ہفتہ رواں کے آغاز میں نوٹیفکیشن جاری کی گئی۔

ڈاکٹرمشتاق نے ایوارڈ حاصل کرنے پر یو این آئی کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ میری آٹھ برسوں کی مسلسل محنت اور انتھک کاوشوں کا نتیجہ ہے کہ مجھے اس ایوارڈ سے نوازا گیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے آٹھ سال قبل یہ بیج بویا تھا جس نے آج پھل دیا ہے اور اس سے نئی نسل فیضیاب ہوگی۔

بتادیں کہ ڈاکٹر مشتاق چالکو کو لیپرو سکوپی اینڈ منیمل ایکسس سرجری میں مہارت حاصل ہے اور وہ گورنمنٹ میڈٰکل کالج سری نگر میں پروفیسر کی حیثیت سے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ انہیں جراحی کی دنیا میں ’چالکو تکنیک‘ متعارف کرنے کے اعزاز میں ایک ریاستی ایوارڈ سے بھی نوازا گیا ہے اور وہ ملک کی زائد از پانچ انجمنوں کے ساتھ وابستہ ہیں۔

انہوں نے قریب 34 مقالوں کا جائزہ لیا ہے اور ان کی 64 سائنسی اشاعتیں شائع ہوئی ہیں نیز انہوں نے زائد از ایک سو کانفرنسوں میں شرکت کی ہے۔ڈاکٹر مشتاق چالکو ایک سنجیدہ محقق ہونے کے علاوہ بہت ہی اچھے شاعر اور مقرر بھی ہیں۔