افواہوں سے پرہیز کریں اور کورونا ویکسین پر بھروسہ رکھیں : مولانا سفیان

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 18-03-2021
دارالعلوم وقف دیوبند کے مہتمم مولانا سفيان قاسمی
دارالعلوم وقف دیوبند کے مہتمم مولانا سفيان قاسمی

 

 

فیروز خان/ دیوبند

ہندوستان میں اسلامی تعلیم کے دوسرے سب سے بڑے مرکز دارالعلوم وقف دیوبند کے مہتمم مولانا سفيان قاسمی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ وبائی مرض کورونا سے بچاؤ کے لئے سخت محنت کے بعد تیار کردہ ویکسین پر بھروسہ رکھیں اور اس کے خلاف جنگ میں انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔

بدھ کے روز جاری کردہ ایک بیان میں   مولانا سفيان قاسمی نے کہا کہ کورونا وائرس نے پچھلے ایک سال سے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ ہزاروں افراد اس خطرناک بیماری کا شکار ہو چکے ہیں۔ مولانا نے کہا کہ اسلام لوگوں کو اپنی جانوں کے تحفظ کا حکم دیتا ہے لہذا اس خطرناک بیماری سے بچنے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جانی چاہئے۔

ماسک اور جسمانی فاصلے کو ضروری قرار دیتے ہوئے مولانا نے کہا کہ سخت محنت کے بعد ہمارے سائنس دانوں نے اس بیماری سے بچنے کے لئے ایک ویکسین تیار کی ہے۔ جس پر ہمیں اعتماد کرتے ہوئے افواہوں سے بچنا چاہئے۔ مولانا نے کہا کہ سرکاری انتظامیہ ہر ایک فرد کو ویکسین کی فراہمی کے لئے بھرپور کوششیں کررہی ہے جس میں ہمیں اپنا بھرپور تعاون کرنا چاہئے۔ اور بڑے پیمانے پر ، ہم سب کو دنیا کی سب سے بڑی ویکسینیشن مہم کا حصہ بننا چاہئے۔ تاکہ ہم اور ہمارا معاشرہ محفوظ رہے ۔