اے ایم یو کے ماہر ڈاکٹرس تاریخ رقم کرنے کے قریب

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 02-03-2021
 سپر اسپیشل سرجنوں کی پانچ رکنی ٹیم
سپر اسپیشل سرجنوں کی پانچ رکنی ٹیم

 

 

ریشمہ / علی گڑھ

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے امراض قلب کے سپر اسپیشل سرجنوں کی پانچ رکنی ٹیم کی پورے ملک میں دھوم ہے - لوگ اپنے بچوں کے دلوں میں قدرتی طور پر پیدا ہونے والے نقائص کو ٹھیک کرنے کے لئے ان ماہر جراحوں کی خدمات کے آرزو مند ہیں۔ اس وقت یہ ٹیم مدھیہ پردیش اور منی پور میں ڈاکٹروں کو تربیت دے رہی ہے۔

اس ٹیم میں اے ایم یو کے جے این میڈیکل کالج کے کارڈیئل تھوریسک سرجری کے چیئرمین ڈاکٹر اعظم حسین ، ڈاکٹر صابر علی ، ڈاکٹر شاد ابقری ، ڈاکٹر مینک یادو اور ڈاکٹر ایس پی سنگھ شامل ہیں۔ ٹیم نے ریوا اور امفال میں پیدائشی نقائص کے ساتھ بچوں پر متعدد بار پیچیدہ سرجری کی ہے ۔

ڈاکٹر اعظم حسین کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم دلوں کے سوراخوں کو ٹھیک کرنے میں مہارت رکھتی ہے جو کچھ بچوں میں قدرتی طور پر ہوتا ہے اور جنہیں بلو بےبیز بھی کہا جاتا ہے- اس کے علاوہ ان کی ٹیم خون کی نالیوں کے تنگ ہونے اور شریانوں میں رکاوٹ پیدا ہونے جیسے امراض میں مہارت رکھتی ہے۔

ان کی ٹیم ایک ماہ میں 40 سرجری کرتی ہے۔ یہ آپریشن نیشنل چائلڈ ہیلتھ پروگرام کے تحت کئے جارہے ہیں۔

اس سے قبل یہ پروگرام صرف نوئیڈا ، لکھنؤ ، اور بنارس میں چلایا جارہا تھا۔ اب ہماری ٹیم این سی ایچ پی کے تحت علی گڑھ کے میڈیکل کالج میں اپنی خدمات انجام دے رہی ہے۔ دل کی بیماریوں میں مبتلا بچوں کا علاج کرنے کے علاوہ ، یہ ٹیم ڈاکٹروں کو تربیت بھی دیتی ہے۔ ٹیم دوبارہ ریوا (مدھیہ پردیش) اور امفال (منی پور) جانے کی تیاری کر رہی ہے۔

ڈاکٹر ایس پی سنگھ نے آواز دی وائس کو بتایا کہ عام طور پر یہ رواج ہے کہ دس کلو وزن والے بچے پر ہی سرجری کی جاسکتی ہے۔ تاہم ان کی ٹیم نے 2.5 کلو وزن والے بچوں پر بھی سرجری کی ہے۔ ڈاکٹر سنگھ نے بتایا کہ ان کی ٹیم نے 20 دن کے بچے پر بھی سرجری کی ہے۔

ٹیم بچوں کے علاوہ بالغوں پر بھی دل کے سرجری کرتی ہے۔