مریخ سےچینی خلائی مشن کی نئی تصاویر

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 11-06-2021
چینی خلائی مشن
چینی خلائی مشن

 

 

 چین کے خلائی ادارے نے مریخ پر لینڈ ہونے والے روور زورونگ کی نئی تصاویر جاری کردی ہیں۔چائنا مینڈ اسپیس ایجنسی (سی ایم ایس اے) کی جانب سے دوسری بار مریخ کی سطح پر موجود روور کی تصاویر جاری کی گئی ہیں۔ نئی تصاویر ابتدائی فوٹوز کے مقابلے میں زیادہ اچھی اور تفصیلی ہیں۔ان تصاویر میں مریخ کے اس حصے کا 360 یو بھی شامل ہے جہاں یہ روور لینڈ ہوا۔ایک اور تصویر میں لینڈنگ کے مقام کو دکھایا گیا ہے جو نسبتاً سپاٹ ہے۔ایک اور تصویر سے پتا چلتا ہے کہ یہ روور سولر پینلز سے اپنی بیٹریاں چارج کرنے کے بعد لینڈنگ پلیٹ فارم سے نکلنے کے قابل ہوگیا ہے۔

 یہ تصویر لینڈنگ کے مقام سے 20 فٹ دور سے لی گئی ہے اور اس میں روور سے بننے والے نشانات کو بھی دیکھا جاسکتا ہے۔تیان ون 1 مشن کے روور نے مریخ پر 15 مئی کو تاریخ ساز لینڈنگ کی تھی اور امریکا کے بعد چین ایسا کرنے والا دوسرا ملک بن گیا تھا۔آخری تصویر کے لیے روور نے جنوب میں 30 فٹ دور جاکر ایک کیمرا سطح پر گرایا اور واپس جاکر لینڈنگ پلیٹ فارم کے ساتھ سیلفی لی جو سب سے اوپر دیکھی جاسکتی ہے۔ چینی روور مریخ کے حصے یوٹوپیا پلانٹیا میں کھوج کرے گا اور اپنے آلات سے خطے کے موسم اور دیگر عناصر پر تحقیق کرے گا۔خیال رہے کہ چین نے جولائی 2020 میں اپنے مشن کو مریخ پر روانہ کیا تھا اور لگ بھگ 7 ماہ بعد وہ سرخ سیارے کے مدار میں داخل ہونے میں کامیاب ہوا۔

 اس کا آربٹر مریخ کے مدار سے اس کا تجزیہ ہائی ریزولوشن کیمرے، ایک اسپیکٹرو میٹر، میگنٹومیٹر اور آئس میپنگ راڈار انسٹرومنٹ کی مدد سے کرے گا۔آربٹر لینڈ کرنے والے روور سے بھی رابطے میں رہے گا جو اپنی طرز کی ایک متاثر کن کامیابی ہے۔

 اس سے قبل فروری 2021 میں پرسیورینس روور روبوٹ سرخ سیارے پر مائیکربیل زندگی کے آثار کی تلاش میں محفوظ طریقے سے ایک وسیع گڑھے میں پہنچا تھا۔