فیس بک کا جعلی اکاؤنٹس پر کریک ڈاؤن، 130کروڑ جعلی اکاﺅنٹ ڈیلیٹ

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 23-03-2021
فیس بک کا جعلی اکاؤنٹس پر کریک ڈاؤن
فیس بک کا جعلی اکاؤنٹس پر کریک ڈاؤن

 

 

نئی دہلی

سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک نے جعلی اکاونٹس کی بڑھتی ہوئی تعداد اور ان کی شرارت انگیز حرکتوں پر لگام کسنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فیس بک نے 2020 کی آخری سہ ماہی کے دوران ایک ارب 30 کروڑ جعلی اکاﺅنٹ ڈیلیٹ کیے ہیں۔

کمپنی کی جانب سے یہ اعلان کرتے ہوئے بتایا گیا کہ اکتوبر سے دسمبر 2020 کے دوران یہ اکاؤنٹ ڈیلیٹ کیے گئے ۔ مزید یہ کہ اس پلیٹ فارم میں گمراہ کن تفصیلات کی ٹریکنگ کے لیے 35 ہزار سے زیادہ افراد کام کررہے ہیں۔ اس عرصے کے دوران کمپنی کی جانب سےکورونا اور ویکسینز سے متعلق گمراہ کن مواد پر مشتمل 12 کروڑ سے زیادہ پوسٹس ڈیلیٹ کی گئیں ۔

کمپنی کی جانب سے بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا کہ روزانہ ککی بنیاد پر فیس بک پر لاکھوں جعلی اکاؤنٹس کو بلاک کیا جارہا ہے۔ فیس بک کے انٹیگریٹی شعبے کے نائب صدر گائے روسین نے بتایا کہ کمپنی کی جانب سے 100 سے زیادہ غیرمستند رویوں والے نیٹ ورکس کو گزشتہ 3 سال کے دوران ڈیلیٹ کیا گیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اگر فیس بک کی 80 فیکٹ چیکرز کی ٹیم کسی پوسٹ کو غلط ریٹ کرے تو سوشل نیٹ ورک پر اس کی لوگوں تک رسائی کو محدود کردیا جاتا ہے جبکہ وارننگ لیبل کا اضافہ بھی کردیا جاتا ہے۔ کمپنی کے اندازے کے مطابق 5 فیصد فیس بک اکاﺅنٹس حقیقی نہیں۔

فیس بک اور ٹوئٹر جیسے سوشل میڈیا نیٹ ورکس پر اکثر تنقید کی جاتی ہے کہ وہ سازشی خیالات اور جعلی دعوؤں کی روک تھام کے لیے زیادہ مؤثر انداز سے کام نہیں کرتے۔ فیس بک کی جانب سے نیا ڈیٹا اس وقت جاری کیا گیا ہے جب امریکی ایوان نمائندگان کی انرجی اینڈ کامرس کمیٹی کی جانب سے ٹیکنالوجی پلیٹ فارمز کے حوالے سے رواں ہفتے اجلاس ہورہا ہے۔