اینتھروپک نے اے آئی کے بارے میں اہم انتباہ جاری کیا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 05-06-2026
اینتھروپک نے اے آئی کے بارے میں اہم انتباہ جاری کیا
اینتھروپک نے اے آئی کے بارے میں اہم انتباہ جاری کیا

 



سان فرانسسکو
کمپنی نے کہا کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) اب اپنے ہی ترقیاتی عمل کا ایک بڑا حصہ خود انجام دے رہی ہے، جس کی وجہ سے کام کی رفتار میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے۔اینتھروپک کے مطابق ،اگر اس عمل کو مزید آگے بڑھایا جائے اور اسے کافی کمپیوٹنگ طاقت فراہم کی جائے تو یہ رجحان ایسے اے آئی نظام کی جانب اشارہ کرتا ہے جو مکمل طور پر خود ہی اپنا اگلا ورژن ڈیزائن اور تیار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔
سان فرانسسکو میں قائم اس اے آئی کمپنی نے اس عمل کو ’’ریکرسیو سیلف امپروومنٹ‘‘ (یعنی خود کو مسلسل بہتر بنانا) کا نام دیا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ دنیا ابھی اس مرحلے تک نہیں پہنچی، لیکن یہ صورتحال توقع سے کہیں زیادہ جلد سامنے آ سکتی ہے، جبکہ زیادہ تر ادارے اس کے لیے تیار نہیں ہیں۔’’کلاڈ‘‘ تیار کرنے والی کمپنی اینتھروپک نے حال ہی میں ایک فنڈنگ راؤنڈ کے دوران 65 ارب ڈالر جمع کیے، جس کے بعد کمپنی کی مالیت تقریباً ایک کھرب ڈالر تک پہنچ گئی۔ اے آئی سے متعلق حصص میں تیزی کے درمیان کمپنی نے خاموشی سے ابتدائی عوامی پیشکش (آئی پی او) کے لیے درخواست بھی دائر کر دی ہے، کیونکہ سرمایہ کار اے آئی کمپنیوں میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کر رہے ہیں اور اس ٹیکنالوجی کے مستقبل کے بارے میں پُرامید ہیں۔
اے آئی کتنی تیزی سے اپنی ترقی خود کر رہی ہے، اس کی وضاحت کرتے ہوئے کمپنی نے بتایا کہ اینتھروپک کے انجینئر اب اوسطاً ہر سہ ماہی میں 2021 سے 2025 کے عرصے کے مقابلے میں آٹھ گنا زیادہ کوڈ تیار کر رہے ہیں۔کمپنی کے مطابق اگرچہ خود کو بہتر بنانے والی اے آئی مجموعی طور پر ترقی اور اختراع کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے، لیکن مکمل ’’ریکرسیو سیلف امپروومنٹ‘‘ کی صورت میں یہ خطرہ پیدا ہو سکتا ہے کہ اے آئی نظاموں پر انسانوں کا کنٹرول کمزور پڑ جائے یا ختم ہو جائے۔
اینتھروپک نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر نظام مکمل طور پر اپنے اگلے ورژن تیار کرنے کے قابل ہو جاتے ہیں تو انہیں محفوظ رکھنے، ان کی نگرانی کرنے اور ان کے طرزِ عمل کو منظم کرنے کے طریقے پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہو جائیں گے۔کمپنی نے مزید کہا کہ اے آئی ماڈلز کی خودمختار طور پر کام انجام دینے کی صلاحیت تقریباً ہر چار ماہ میں دوگنی ہو رہی ہے۔بیان میں کہا گیا، ’’2027 تک اے آئی نظام ایسے کام انجام دینے کے قابل ہو سکتے ہیں جنہیں مکمل کرنے میں کسی انسان کو کئی ہفتے لگ جاتے ہیں۔
اینتھروپک نے اے آئی کی ترقی کی رفتار کو سست کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ایسی ٹیکنالوجیز تیار کرنے کے لیے مزید وقت ملے گا جو اس کے وسیع اور گہرے اثرات سے نمٹنے میں مددگار ثابت ہو سکیں۔کمپنی کے مطابق، کسی بامعنی سست روی یا عارضی توقف کے لیے ضروری ہوگا کہ مختلف ممالک میں موجود اور اس شعبے میں آگے رہنے والی متعدد وسائل سے مالا مال تجربہ گاہیں ایک ہی شرائط کے تحت کام روکنے پر متفق ہوں۔ اس کے ساتھ یہ بھی ضروری ہوگا کہ ہر تجربہ گاہ اس بات کی تصدیق کر سکے کہ دیگر اداروں نے بھی واقعی اپنا کام روک دیا ہے۔