نئی دہلی
بالی ووڈ کے ’’کھلاڑی کمار‘‘ کہلانے والے اکشے کمار ان دنوں اپنی فلموں کے ساتھ ساتھ ریٹائرمنٹ سے متعلق خبروں کی وجہ سے بھی سرخیوں میں ہیں۔ سوشل میڈیا پر یہ افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ وہ جلد ہی اداکاری کی دنیا کو خیرباد کہہ سکتے ہیں۔ تاہم اداکار نے خود ان قیاس آرائیوں پر ردعمل دیتے ہوئے واضح کر دیا ہے کہ فی الحال ان کا فلموں سے ریٹائر ہونے کا کوئی ارادہ نہیں۔
حال ہی میں اکشے کمار اپنی آنے والی فلم "ویلکم ٹو دی جنگل" کے ٹیزر میں نظر آئے۔ اس موقع پر ان سے اداکاری سے ریٹائرمنٹ کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے مزاحیہ انداز میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ ریٹائرمنٹ کا خیال ضرور آتا ہے، لیکن یہ خیال صرف چند سیکنڈ ہی قائم رہتا ہے۔
اکشے کمار نے کہا کہ جب وہ صبح بیدار ہوتے ہیں تو کبھی کبھار سوچتے ہیں کہ اب ریٹائر ہو جانا چاہیے، لیکن اگلے ہی لمحے انہیں یاد آ جاتا ہے کہ شوٹنگ سیٹ پر سینکڑوں لوگ ان کے انتظار میں موجود ہیں۔انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ یہ خیال بمشکل پانچ سیکنڈ تک رہتا ہے۔ پھر میں خود سے کہتا ہوں کہ چلو، کل ریٹائر ہو جائیں گے، لیکن اگلے دن پھر وہی معمولات زندگی شروع ہو جاتے ہیں۔
اداکار نے بتایا کہ گزشتہ 36 برسوں سے ان کی زندگی اسی طرح کام اور شوٹنگ کے درمیان گزری ہے۔ ان کے لیے فلمی سیٹ پر کام کرنا صرف ایک پیشہ نہیں بلکہ ایک جنون ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ اداکاری سے دوری اختیار کرنے کا تصور بھی زیادہ دیر تک نہیں کر پاتے۔یٹائرمنٹ کے بعد کی زندگی کے بارے میں بھی اکشے کمار نے دلچسپ تبصرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ فلموں سے ریٹائر ہو گئے تو گھر کے تمام کام ان کے ذمے آ جائیں گے۔
انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ اگر میں ریٹائر ہو گیا تو گھر میں الیکٹریشن کا کام کرنا پڑے گا، کتے کو گھمانا پڑے گا اور باغبانی بھی کرنی پڑے گی۔ گھر کے سارے کام میرے حصے میں آ جائیں گے۔ اس سے بہتر ہے کہ میں شوٹنگ سیٹ پر ہی جاؤں۔
اکشے کمار نے مزید کہا کہ ان کا ریٹائر نہ ہونا سب کے لیے بہتر ہے۔ ان کے اس بیان سے واضح ہوتا ہے کہ اداکاری کے لیے ان کا جذبہ آج بھی پہلے کی طرح برقرار ہے۔کام کے محاذ پر بات کی جائے تو حال ہی میں ریلیز ہونے والی ان کی فلم "بھوت بنگلہ" کو باکس آفس پر ملا جلا ردعمل ملا ہے۔ اب ان کی انتہائی متوقع فلم "ویلکم ٹو دی جنگل" کو لے کر شائقین میں کافی جوش و خروش پایا جاتا ہے۔
فلم کی بڑی اسٹار کاسٹ اور کامیڈی سے بھرپور کہانی کے باعث اسے سال کے اہم پروجیکٹس میں شمار کیا جا رہا ہے۔اکشے کمار کے تازہ بیان کے بعد یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ ان کی ریٹائرمنٹ سے متعلق خبریں محض افواہیں ہیں۔ اداکار اس وقت اپنے کام سے لطف اندوز ہو رہے ہیں اور مستقبل میں بھی مداحوں کی تفریح کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔