’پٹھان‘ ویڈیو سٹریمنگ پلیٹ فارم پر کب آرہی ہے؟

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 20-03-2023
’پٹھان‘ ویڈیو سٹریمنگ پلیٹ فارم پر کب آرہی ہے؟
’پٹھان‘ ویڈیو سٹریمنگ پلیٹ فارم پر کب آرہی ہے؟

 

 ممبئی : بالی وُڈ کے کنگ شاہ رخ خان کی رواں سال ریلیز ہونے والی فلم ’پٹھان‘ باکس آفس پر تاریخی کامیابیاں سمیٹنے کے بعد اب آن لائن سٹریمنگ پلیٹ فارم کے ذریعے بھی بلاک بسٹر ہونے کو تیار ہے۔  شاہ رخ خان اور دپیکا پاڈوکون کی فلم پٹھان 22 مارچ کو ایمیزون پرائم پر ریلیز ہوگی۔ فلم کے ہدایتکار سدھارتھ آنند نے اس بات کا عندیہ دیا ہے کہ آن لائن ریلیز ہونے والی فلم میں وہ سین بھی شامل کیے جائیں گے جو سنیما میں نمائش کے دوران کاٹ دیے گئے تھے۔

پٹھان کی ایمیزون پرائم پر ریلیز میں مداحوں کو بونس سِین بھی دیکھنے کو ملیں گے۔ انٹرویو کے دوران سدھارتھ آنند نے عندیہ دیا کہ مرکزی کرداروں کے پس منظر اور مذاہب کے سین کو بھی آن لائن ریلیز میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ ’جیسے ایک سِین ہے جس میں روبینہ (دپیکا پاڈوکون) پٹھان (شاہ رخ خان) سے پوچھتی ہیں کہ کیا تم مسلمان ہو؟ جس پر وہ اسے بتاتا ہے کہ میں نے افغانستان کے گاؤں میں بچوں کی جان بچائی تھی جس کے بعد مجھے یہ نام دیا گیا ہے۔

گلاٹا پلس سے بات کرتے ہوئے سدھارتھ آنند کہتے ہیں ’لہذا سچ بات یہ ہے کہ اُس (پٹھان) کا کوئی نام نہیں ہے اور وہ ایک تھیٹر میں ملا تھا جسے نورانگ کہا جاتا ہے۔ اسے فلم سے ایڈٹ کر دیا گیا تھا لیکن شاید آپ اسے او ٹی ٹی میں دیکھ سکیں۔‘ ہدایتکار نے یہ انکشاف کیا انہوں نے سلمان خان کو پٹھان فلم میں ٹرین کے سِین کے دوران 1995 میں ریلیز ہونے والی فلم ’کرن ارجن‘ کے سِین کو دہرانے کا کہا۔ وہ کہتے ہیں کہ ’میں سلمان سے کہا کہ تم چِلاؤ ’بھاگ پٹھان بھاگ‘ اور یہ بھی کہا کہ ایسے کہو جیسے کرن ارجن میں کہا تھا ’بھاگ ارجن بھاگ‘۔ یہ سکرپٹ کا حصہ نہیں تھا۔ یہ مزاحیہ سِین تھا جس پر مجھے سلمان کو منانا پڑا۔ بہت مزہ آیا۔‘

دوسری جانب پٹھان کی باکس آفس پر تاریخی دھوم جاری ہے۔ فلم نے جمعے کے روز تک انڈیا بھر سے اب تک مجموعی طور پر 540 کروڑ روپے کما لیے ہیں۔ واضح رہے فلم کی کاسٹ میں شاہ رخ خان، دپیکا پاڈوکون کے علاوہ جان ابراہم نے بھی مرکزی کردار ادا کیا ہے۔