عائشہ خان نے پرنیت مورے کی '370 روپے کی بریانی' تنازع پر تنقید کی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 11-06-2026
عائشہ خان نے پرنیت مورے کی '370 روپے کی بریانی' تنازع پر تنقید کی
عائشہ خان نے پرنیت مورے کی '370 روپے کی بریانی' تنازع پر تنقید کی

 



ممبئی
کامیڈین پرنیت مورے اس وقت اپنے ’’370 روپے بریانی‘‘ تنازع کی وجہ سے خبروں میں ہیں۔ ان کے ایک شو کے دوران حاضرین میں موجود ایک شخص نے لڑکیوں کے بارے میں ایک متنازع تبصرہ کیا تھا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر شدید غم و غصہ دیکھنے میں آیا۔ اس معاملے پر کئی مشہور شخصیات نے بھی اپنے ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔
اب اس فہرست میں اداکارہ عائشہ خان کا نام بھی شامل ہو گیا ہے۔ انہوں نے پرنیت مورے کے شو کی ایک ویڈیو کلپ شیئر کرتے ہوئے اس معاملے پر اپنی رائے ظاہر کی اور اسے نہایت خوفناک قرار دیا۔متنازع ویڈیو کلپ کو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے عائشہ خان نے لکھا کہ  ویڈیو میں موجود مردوں کا اس شخص کی باتوں پر ہنسنا انتہائی تشویش ناک اور خوفناک ہے۔ ان کے مطابق مسئلہ صرف اس ردِعمل تک محدود نہیں جو اسٹیج پر دیا گیا، بلکہ اس بات پر بھی سوال اٹھتا ہے کہ بعد میں اسی کلپ کو سوچ سمجھ کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ویڈیو کو پوسٹ کرنے سے پہلے یقیناً دیکھا اور جانچا گیا ہوگا، اس کے باوجود اسے شیئر کرنا معاملے کو مزید سنگین بنا دیتا ہے۔عائشہ خان نے سوال اٹھایا کہ اگر کوئی شخص کسی ڈیٹ پر جا کر کچھ پیسے خرچ کرتا ہے تو کیا اس سے اسے کسی خاتون کے جسم پر حق حاصل ہو جاتا ہے؟انہوں نے کہا کہ اس قسم کی سوچ نہایت خطرناک اور افسوسناک ہے، اور یہ سوال بھی اٹھایا کہ آخر ہمارا معاشرہ کس سمت میں جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ یہ معاملہ اتنا بڑھ گیا کہ کامیڈین پرنیت مورے نے انسٹاگرام پر معافی بھی مانگی، لیکن تنازع ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا۔ مسلسل ٹرولنگ کے باعث پرنیت مورے نے اپنا انسٹاگرام اکاؤنٹ بھی غیر فعال کر دیا ہے۔جہاں تک متنازع تبصرہ کرنے والے شخص کا تعلق ہے، سوشل میڈیا پر اس کے خلاف بھی شدید غصہ دیکھنے میں آیا۔ عام لوگوں کے ساتھ ساتھ کئی معروف شخصیات نے بھی اس کلپ کی مذمت کی اور کامیڈین سمیت اس شخص کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔
حیرت انگیز طور پر، اس تنازع کے بعد مذکورہ شخص کو اس کی ملازمت سے بھی نکال دیا گیا۔