دستاویزی فلمی میلہ ایم آئی ایف ایف 2022 کا آغاز اتوار سے

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 28-05-2022
 دستاویزی فلمی میلہ ایم آئی ایف ایف 2022 کا آغاز اتوار سے
دستاویزی فلمی میلہ ایم آئی ایف ایف 2022 کا آغاز اتوار سے

 

 

نیو دہلی :فلمس ڈیویژن کامپلیکس، جس میں نیشنل میوزیم آف انڈین سنیما بھی موجود ہے، دستاویزی، مختصر فکشن اور اینی میشن فلموں کے لیے 17ویں ممبئی بین الاقوامی فلمی میلے کی میزبانی کی تیاریوں میں مصروف ہے۔ ہفتہ بھر چلنے والے اس دو سالہ فلمی میلے کی افتتاحی تقریب نہرو سینٹر، وورلی میں منعقد ہوگی، جہاں فلمس ڈیویژن کامپلیکس میں میلے کی تمام اسکریننگ عمل میں آئیں گی۔

واضح ہو کہ اس کامپلیکس میں جدید ترین آڈی ٹوریم موجود ہیں۔ ایم آئی ایف ایف 2022 کو دنیا بھر کے فلم سازوں سے زبردست پذیرائی حاصل ہوئی ، اور اس مرتبہ 30 ممالک سے بڑی تعداد میں 808 فلم اینٹری حاصل ہوئی ہیں ۔ ان میں سے 102 فلموں کو مسابقتی زمرے کے تحت پیش کیا جائے گا، جن میں سے 35 فلمیں بین الاقوامی مقابلے میں اور 67 فلمیں قومی مقابلے میں پیش کی جائیں گی۔ 18 فلموں کو ’ایم آئی ایف ایف پرزم زمرے‘ کے تحت دکھایا جائے گا۔

اس میلے کی بہترین فلم کو 10 لاکھ روپئے کے نقد انعام کے علاوہ گولڈن کونچ ایوارڈ دیا جائے گا۔ دیگر ایوارڈس کے تحت سلور کونچ، ٹرافی اور سند کے علاوہ پانچ لاکھ سے ایک لاکھ روپئے تک کے نقدی انعام دیے جائیں گے۔

تقریب کے آخری دن، بہترین اسٹوڈنٹ فلم کے لیے ایک لاکھ روپئے اور ٹرافی کا حامل آئی ڈی پی اے ایوارڈ اور بہترین نئے ڈائرکٹر کے لیے دادا صاحب پھالکے چترنگری ایوارڈ بھی پیش کیا جائے گا۔

دستاویزی فلموں کے لیے بنیادی تعاون دینے والے ممتاز فلم ساز کو 10 لاکھ روپئے کے بقدر کے نقدی انعام ، گولڈن کونچ اور توصیفی کلمات کا حامل مقتدر ڈاکٹر وی شانتارام لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈبھی پیش کیا جائے گا۔ ایس کرشن سوامی، شیام بینیگل، نریش بیدی، وجیا مُلے ان ممتاز فلم سازوں میں شامل ہیں جنہیں ماضی میں اس مقتدر ایوارڈ سے نوازا جا چکا ہے۔

یہ ایوارڈ اساطیری فلم ساز وی شانتا رام کی یاد میں شروع کیا گیا ، جو 1950 کی دہائی کے دوران فلم ڈیویژن کے ساتھ اعزازی چیف پروڈیوسر کی حیثیت سے قریبی طور پر وابستہ تھے۔ بنگلہ دیش کی آزادی کے 50 برسوں کی یاد میں، اس سال اس ملک کو ’توجہ کا مرکز ملک‘ کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔

فلم ناقدین کی جانب سے پذیرائی حاصل کرنے والی فلم ’حسینہ – اے ڈاٹرس ٹیل‘ سمیت بنگلہ دیش کی 11 فلموں کے خصوصی پیکج کو ایم آئی ایف ایف 2022 میں پیش کیا جائے گا۔ نیٹ فلکس کی اورجنل سیریز ’’مائٹی لٹل بھیم: آئی لَو تاج محل‘‘ کا ورلڈ پریمیم اسی ایم آئی ایف ایف 2022 کے دوران ہوگا۔ ہندوستان  اور جاپان کے ذریعہ مشترکہ طور پر پروڈیوس کی گئی اولین اینی میشن فلم ’رامائن: دی لیجنڈ آف پرنس رام‘ کی خصوصی اسکریننگ بھی ایم آئی ایف ایف کے دوران عمل میں آئے گی۔ بھارت میں دستاویزی فلم کی ثقافت میں فلمس ڈیویژن کے ذریعہ دیے گئے تعاون کو، خصوصی طور پر تیار کیے گئے پیکج، امیج۔نیشن کے ذریعہ پیش کیا جائے گا۔

شارٹس ٹی وی کے ذریعہ خصوصی طور پر تیار کیے گئے آسکر فلم پیکج جیسے خصوصی پیکج، اٹلی اور جاپان کے خصوصی فلم پیکج، اِفّی کے حالیہ ایڈیشنز سے انڈین پنورما ، فلمی شائقین کی توجہ کا خصوصی مرکز ہوں گے۔ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ڈیزائن (این آئی ڈی)، احمدآباد، ستیہ جیت رے فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹی ٹیوٹ (ایس آر ایف ٹی آئی)، کولکاتہ، مہاراشٹر انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی (ایم آئی ٹی)، پونے، کے آر نرائنن فلم انسٹی ٹیوٹ، کیرالاجیسے مشہور اداروں کے طلبا کے فلمی پیکج باصلاحیت نوجوانوں کا جذبہ پیش کریں گے۔ میانمار کی اسٹوڈنٹس اینی میشن دستاویزی فلموں اور اسٹوڈنٹس اینی میشن فلم فیسٹیول برازیل کی فلموں کو بھی اس میلے میں منفردحیثیت حاصل ہوگی۔

اسی طرح، شمال مشرق سے منتخب کی گئیں فلموں ، پاکیٹ فلمس پلیٹ فارم کی بہترین مختصر فکشن فلموں اور ستیہ جیت رے کی از سر نو تیار کی گئی فلم کے ورژن ،سوکمار رے، کی خصوصی اسکریننگ بھی عمل میں آئے گی۔ دنیا کے مشہور دستاویزی فلمی میلوں میں سے ایک ، ایم آئی ایف ایف ، دستاویزی فلم سازوں، فلمی شائقین ، فلمی ناقدین، براڈ کاسٹرس اور او ٹی ٹی پلیٹ فارموں ، اور طلبا کو ایک جگہ جمع کرتا ہے، جو دستاویزی فلم کے میدان میں عصر حاضر کے رجحانات کے بارے میں مباحثے اور تبادلہ خیالات کرتے ہیں