ممبئی: مہاراشٹر نونرمان سینا (ایم این ایس) نے جمعرات کو کامیڈین اور اداکار کپل شرما کو وارننگ دی ہے کہ وہ اپنے شو میں ممبئی کو"Bombay" یا"Bambai" کہہ کر شہر کی "توہین" نہ کریں۔ پارٹی نے کہا ہے کہ اگر یہ عمل بند نہ ہوا تو ایک "شدید احتجاجی تحریک" شروع کی جائے گی۔ایم این ایس کے رہنما اور پارٹی کے فلم ونگ کے سربراہ امیہ کھوپکر نے یہاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کپل شرما کو یہ وارننگ دی۔یہ وارننگ اس وقت سامنے آئی ہے جب ایک دن پہلے شیوسینا (یو بی ٹی) کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے اپنے کزن اور ایم این ایس صدر راج ٹھاکرے سے ممبئی میں ان کے گھر پر ملاقات کی، جس کے بعد دونوں پارٹیوں میں بلدیاتی انتخابات سے قبل ممکنہ اتحاد کی قیاس آرائیاں بڑھ گئی ہیں۔
کھوپکر نے کہا کہ اس شہر کا نام ممبئی ہے۔ کپل شرما کے شو میں ہم نے طویل عرصے سے دیکھا ہے کہ شہر کو ہمیشہBombay یاBambai کہا جاتا ہے۔ ہم اس کی مخالفت کرتے ہیں۔ یہ کوئی اعتراض نہیں، یہ غصہ ہے۔ اس شہر کا نام ممبئی ہے۔ اگر آپ دیگر شہروں کو ان کے اصل ناموں سے پکار سکتے ہیں جیسے چنئی، بینگلورو اور کولکاتا، تو ہمارے شہر کی توہین کیوں؟انہوں نے مزید کہاکہ آپ (کپل شرما) کئی برسوں سے ممبئی میں کام کر رہے ہیں... ممبئی آپ کی ’کرما بھومی‘ رہی ہے۔ ممبئی کے لوگ آپ کو پسند کرتے ہیں اور آپ کا شو دیکھتے ہیں۔ ممبئی ہمارے دلوں میں ہے، اس شہر کی توہین نہ کریں، ممبئی کے عوام کی توہین نہ کریں... میں کپل شرما کو وارننگ دیتا ہوں۔"
کھوپکر نے کہا کہ میں آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ اگر یہ غلطی سے ہوا ہے تو غلطی درست کریں۔ جو بھی آپ کے شو پر آئے، چاہے وہ سیلیبریٹی ہو یا اینکر، پہلے انہیں بتائیں کہ وہ ممبئی کوBombay یاBambai نہ کہیں۔ انہیں صرف ممبئی کہنا ہوگا۔ اگر ایسا نہیں ہوا تو ایم این ایس سخت احتجاجی تحریک شروع کرے گی۔خیال رہے کہ کپل شرما اس وقت"The Great Indian Kapil Show" کی میزبانی کر رہے ہیں جو نیٹ فلکس پر نشر ہوتا ہے۔ اس شو کا تیسرا سیزن 21 جون کو شروع ہوا تھا۔
جب کھوپکر سے پوچھا گیا کہ کیا ایم این ایس یہ معاملہ آنے والے بلدیاتی انتخابات کو دیکھتے ہوئے اٹھا رہی ہے، تو انہوں نے کہا کہ ہم اس مسئلے پر کئی برسوں سے احتجاج کرتے آ رہے ہیں۔ انتخابات کو الگ رکھیں، اس شہر کا نام ممبئی ہے۔ آپ کو ممبئی کہنا ہوگا، اور جو نہیں کہے گا، اسے ہمارے غصے کا سامنا کرنا پڑے گا۔"