روم : بالی ووڈ اداکار شاہد کپور اور ان کی اہلیہ میرا کپور اٹلی کی خوبصورت جھیل کومو میں موسم گرما کی چھٹیاں گزار رہے ہیں۔ میرا کپور نے سوشل میڈیا پر چھٹیوں کی کئی تصاویر شیئر کرکے مداحوں کو اپنی تفریح کی جھلک دکھائی۔میرا نے حال ہی میں چھٹیوں کی تصاویر کا ایک سلسلہ شیئر کیا جس میں دونوں کو اٹلی کی خوبصورت جھیل کے کنارے وقت گزارتے دیکھا جاسکتا ہے۔ انہوں نے تصاویر کے ساتھ ’’لا دولچے ویٹا کے لوازمات‘‘ کا کیپشن دیا۔
تصاویر میں میرا ایک کشتی پر جھیل کومو کے دلکش پس منظر میں آرام کرتی نظر آ رہی ہیں۔ پھولوں والی خوبصورت لباس۔ دھوپ کا چشمہ اور ہیٹ پہنے میرا نے چھٹیوں کے لیے ایک دلکش انداز اپنایا ہوا تھا۔ دونوں نے کشتی پر جھیل کے خوبصورت پانیوں کی سیر کی۔تصاویر میں شاہد کپور کی بھی جھلک دکھائی گئی۔ وہ میرا کے ساتھ کشتی پر موجود تھے اور بغیر شرٹ کے دھوپ سے لطف اندوز ہوتے نظر آئے۔ دونوں کی ایک ساتھ تصویر نے مداحوں کی خاص توجہ حاصل کی۔
میرا کی اس پوسٹ پر کئی مشہور شخصیات نے بھی ردعمل دیا۔ اداکارہ سمانتھا روتھ پربھو نے پوسٹ کو پسند کیا جبکہ مشہور اسٹائلسٹ انائیتا شروف اڈاجانیا نے کمنٹس میں دل والے ایموجیز بھیجے۔مداحوں نے بھی شاہد اور میرا کو ایک ساتھ دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا۔ ایک مداح نے لکھا کہ پسندیدہ جوڑی نے آخرکار تصویر شیئر کردی جبکہ ایک اور مداح نے شاہد کے ساتھ تصویر کو بہت خوبصورت قرار دیا۔
جھیل کومو کی یہ تصاویر دونوں کی معمول کی مصروفیات سے دور بیرون ملک گزارے جانے والے پُرسکون وقت کی ایک جھلک پیش کرتی ہیں۔شاہد کپور اور میرا کپور نے 7 جولائی 2015 کو دہلی میں ایک نجی تقریب میں شادی کی تھی۔ دونوں کی شادی خاندان کی رضامندی سے طے ہوئی تھی۔ ان کے 2 بچے ہیں۔ بیٹی میشا 2016 میں پیدا ہوئیں جبکہ بیٹے زین کی پیدائش 2018 میں ہوئی۔
فلمی مصروفیات
شاہد کپور حال ہی میں کریتی سینن اور رشمیکا مندانا کے ساتھ فلم ’’کاک ٹیل 2‘‘ میں نظر آئے ہیں۔ ہومی اڈاجانیا کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم 2012 میں ریلیز ہونے والی کامیاب فلم ’’کاک ٹیل‘‘ کی کہانی کو آگے بڑھاتی ہے۔فلم میں شاہد نے کنال کا کردار ادا کیا ہے جبکہ رشمیکا مندانا نے دیا کا کردار نبھایا ہے۔ دونوں ایک دوسرے سے محبت کرتے ہیں لیکن شادی کے معاملے میں تذبذب کا شکار ہیں۔ سسلی میں چھٹیوں کے دوران ان کی ملاقات دیا کی دوست ایلی سے ہوتی ہے جس کا کردار کریتی سینن نے ادا کیا ہے۔ اس کے بعد ایک پُرسکون سفر محبت۔ اعتماد اور رشتے کی آزمائش میں تبدیل ہوجاتا ہے۔
اصل ’’کاک ٹیل‘‘ میں دیپیکا پڈوکون۔ سیف علی خان اور ڈیانا پینٹی نے اہم کردار ادا کیے تھے۔آنے والے دنوں میں شاہد کپور ’’فرزی 2‘‘ میں سنی کے کردار میں دوبارہ نظر آئیں گے۔پرائم ویڈیو کے ایک پروگرام میں شاہد نے اپنے پسندیدہ کرداروں میں سے ایک کی واپسی پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ دوسرے سیزن کے لیے بہت پرجوش ہیں اور نئی کہانی انہیں پہلے سیزن کی فطری توسیع محسوس ہوتی ہے۔
’’فرزی‘‘ کے دوسرے سیزن کی ہدایت کاری معروف ہدایت کار جوڑی راج نڈیمورو اور کرشنا ڈی کے کر رہے ہیں۔ نئے سیزن میں جعلی کرنسی کی دنیا میں جاری کہانی مزید پیچیدہ ہونے کی توقع ہے۔’’فرزی‘‘ کا پہلا سیزن 2023 میں ریلیز ہوا تھا اور اس کے ذریعے شاہد کپور نے ڈیجیٹل اسٹریمنگ کی دنیا میں قدم رکھا تھا۔سیریز میں سنی ایک باصلاحیت لیکن معمولی فنکار ہوتا ہے جو بہترین جعلی کرنسی نوٹ تیار کرنے کے بعد جرائم کی خطرناک دنیا میں داخل ہوجاتا ہے۔ اس کے بعد وجے سیتھوپتی کی جانب سے ادا کیا گیا ایک سخت گیر اور غیر روایتی تفتیشی افسر اس کے پیچھے لگ جاتا ہے اور ملک کو جعلی کرنسی کے خطرے سے بچانے کی کوشش کرتا ہے۔سیریز میں راشی کھنہ۔ کے کے مینن۔ بھون اروڑہ۔ ریجینا کیسینڈرا اور امول پالیکر نے بھی اہم کردار ادا کیے تھے۔