ممبئی
تین برس کے طویل انتظار کے بعد شاہد کپور نے باضابطہ طور پر تصدیق کر دی ہے کہ مقبول ویب سیریز ’فرضی‘ کا دوسرا سیزن زیرِ تیاری ہے۔ اداکار نے منگل کے روز اپنے سوشل میڈیا ہینڈل کے ذریعے اس کا اعلان کیا، جس کے بعد مداحوں میں زبردست جوش و خروش دیکھنے میں آیا۔
انسٹاگرام اسٹوریز پر شاہد نے راج نِدیمورو اور کرشنا داسراکوٹھاپلی کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی، جو مشترکہ طور پر راج اینڈ ڈی کے کے نام سے جانے جاتے ہیں اور سیریز کے تخلیق کار، پروڈیوسر اور ہدایت کار ہیں۔
شاہد نے لکھا كہ جعلی ساز ایک بار پھر میدان میں ہیں۔ راج اینڈ ڈی کے نے بھی اپنے انسٹاگرام ہینڈل پر اس اپ ڈیٹ کی توثیق کی۔ اس جوڑی نے نوٹوں کے ڈھیر کی ایک تصویر شیئر کی جس کے کیپشن میں لکھا تھا كہ راؤنڈ 2 جاری ہے۔
اس سے قبل دوسرے سیزن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد نے کہا تھا كہ فرضی سیزن 2 ضرور ہوگا، لیکن ان چیزوں میں وقت لگتا ہے—اکثر ڈیڑھ سے دو سال لگ جاتے ہیں۔ شو ختم ہونے کے بعد ایک سال پوسٹ پروڈکشن میں لگتا ہے۔ اسے 35 سے 40 زبانوں میں ڈب کیا جاتا ہے اور تقریباً 200 ممالک میں ریلیز کیا جاتا ہے۔ جب شوٹ ہوگا تو اس کے ایک سال بعد ریلیز ہوگا، اس لیے میرا خیال ہے کہ فرضی سیزن 2 میں کم از کم ڈیڑھ سے دو سال کا وقت ضرور لگے گا۔
’فرضی‘ میں اداکاروں کی ایک مضبوط کاسٹ شامل تھی، جن میں شاہد کپور، وجے سیتھوپتی، راشی کھنہ، کے کے مینن، بھون اروڑا، ریجینا کیسینڈرا اور امول پالیکر نے اہم کردار ادا کیے۔
کہانی ایک چھوٹے درجے کے جعل ساز سنی (شاہد کپور) کی زندگی کے گرد گھومتی ہے، جو ایک مکمل دھوکہ تخلیق کرتے ہوئے جرم کی تاریک دنیا میں کھنچتا چلا جاتا ہے۔ دوسری جانب، ایک جوشیلا اور غیر روایتی ٹاسک فورس افسر (وجے سیتھوپتی) اسے ایک سنگین خطرہ سمجھتے ہوئے ملک کو اس کے اثرات سے محفوظ بنانے کے مشن پر نکل پڑتا ہے۔