شاہ رخ خان نے دہلی کے یادگار گھر کی مکمل ملکیت حاصل کر لی

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 11-07-2026
شاہ رخ خان نے دہلی کے یادگار گھر کی مکمل ملکیت حاصل کر لی
شاہ رخ خان نے دہلی کے یادگار گھر کی مکمل ملکیت حاصل کر لی

 



 نئی دہلی : بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان نے اپنی زندگی کی حسین یادوں سے وابستہ دہلی کے گھر کی باقی دو منزلیں بھی خرید کر اس جائیداد کی مکمل ملکیت حاصل کر لی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس خریداری پر تقریباً 37 کروڑ روپے خرچ کیے گئے ہیں۔ یہ مکان جنوبی دہلی کے پوش علاقے پنچ شیل پارک میں واقع ہے، جہاں شاہ رخ خان اور گوری خان نے 25 اکتوبر 1991 کو شادی کے بعد اپنی نئی زندگی کا آغاز کیا تھا۔ اس لیے یہ گھر دونوں کے لیے صرف ایک رہائشی عمارت نہیں بلکہ ان کی مشترکہ زندگی کی پہلی منزل اور بے شمار خوشگوار یادوں کا مرکز بھی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس سے قبل شاہ رخ خان کے پاس اس عمارت کا تہہ خانہ اور پہلی منزل موجود تھی۔ اب دوسری اور تیسری منزل خریدنے کے بعد پوری عمارت ان کی ملکیت میں آ گئی ہے۔بارہ سو مربع گز پر تعمیر یہ رہائش گاہ جنوبی دہلی کی قیمتی جائیدادوں میں شمار ہوتی ہے۔ تقریباً دس ہزار آٹھ سو مربع فٹ پر مشتمل اس مکان کی موجودہ مالیت علاقے میں زمین کی بلند قیمتوں کے باعث مزید بڑھ چکی ہے۔

شاہ رخ خان کے لیے اس خریداری کی اہمیت صرف سرمایہ کاری تک محدود نہیں۔ یہی وہ گھر ہے جہاں سے ان کی ازدواجی زندگی کا آغاز ہوا تھا۔ بعد ازاں وہ ممبئی منتقل ہوئے اور اپنی محنت اور صلاحیت کے بل پر ہندستانی فلمی دنیا کے سب سے کامیاب اداکاروں میں شامل ہو گئے۔گوری خان بھی کئی مواقع پر اس گھر سے اپنی گہری وابستگی کا ذکر کر چکی ہیں۔ ان کے مطابق وہ ہمیشہ چاہتی تھیں کہ والدہ کے گھر کے قریب ایک ایسا گھر ہو جہاں خاندان کی یادیں محفوظ رہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا تھا کہ اس گھر کی ایک دیوار پر آریان سہانا اور ابرام کے بچپن کی کئی یادگار چیزیں آج بھی سجی ہوئی ہیں جو اس مکان کو ان کے خاندان کے لیے مزید قیمتی بنا دیتی ہیں۔