ممبئی: عمران ہاشمی اور یامی گوتم کی آنے والی کورٹ روم ڈرامہ فلم "حق" ریلیز سے چند ہفتے پہلے ہی قانونی تنازع میں پھنس گئی ہے۔
شاہ بانو کی بیٹی اور قانونی وارث صدیقہ بیگم نے فلم کے خلاف ایک قانونی نوٹس بھیجا ہے، جس میں فلم کی نمائش، تشہیر اور ریلیز پر فوری روک لگانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
نوٹس کے مطابق، صدیقہ بیگم نے الزام لگایا ہے کہ فلم میں مرحومہ شاہ بانو بیگم کی ذاتی زندگی کی غیر مجاز عکاسی کی گئی ہے، جس کے لیے ان کے قانونی وارثوں کی کوئی اجازت نہیں لی گئی۔
یہ نوٹس فلم کے ڈائریکٹر سوپرن ورما، پروڈیوسرز جنگلی پِکچرز اور باویجا اسٹوڈیوز کے علاوہ سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفکیشن (CBFC) کو بھی بھیجا گیا ہے۔
فلم "حق" 1985 کے سپریم کورٹ کیس محمد احمد خان بنام شاہ بانو بیگم پر مبنی بتائی جا رہی ہے، جو ہندوستان میں خواتین کے حقوق اور نان و نفقہ کے قوانین کے حوالے سے ایک سنگِ میل سمجھا جاتا ہے۔
1978 میں 62 سالہ شاہ بانو نے اندور کی عدالت میں اپنے شوہر محمد احمد خان — جو ایک معروف وکیل تھے — سے نان و نفقہ کے لیے مقدمہ دائر کیا تھا۔ دونوں کی شادی 1932 میں ہوئی تھی اور ان کے پانچ بچے تھے — تین بیٹے اور دو بیٹیاں۔
1985 میں سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا کہ شاہ بانو دفعہ 125 کے تحت نان و نفقہ کی حقدار ہیں، مگر ایک سال بعد راجیو گاندھی حکومت نے قانون بنا کر اس فیصلے کو کالعدم کر دیا۔
سوپرن ایس ورما کی ہدایت کاری میں بنی اس فلم میں ورتیکا سنگھ، دانش حسین، شیبا چڈھا اور عاصم ہتنگڈی بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔
یہ فلم جنگلی پِکچرز کے بینر تلے ونیت جین، وِشال گُرنانی، جوہی پاریخ مہتا اور حرمن باویجا کی پروڈکشن میں بنی ہے، اور اسے 7 نومبر کو ریلیز کیا جائے گا۔