فلم ماتر بھومی سے سلمان خان کا نیا انداز سامنے آگیا

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 08-07-2026
 فلم ماتر بھومی سے سلمان خان کا نیا انداز سامنے آگیا
فلم ماتر بھومی سے سلمان خان کا نیا انداز سامنے آگیا

 



ممبئی:بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان نے اپنی آنے والی فلم "ماتر بھومی۔ مے وار ریسٹ اِن پیس" سے اپنی نئی جھلک شیئر کی ہے جس کے بعد فلم کا بے صبری سے انتظار کرنے والے مداحوں میں جوش مزید بڑھ گیا ہے۔

سلمان خان نے انسٹاگرام پر قدرتی مناظر کے درمیان اپنی ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ مضبوط جسمانی ساخت کے ساتھ پرسکون ماحول سے لطف اندوز ہوتے نظر آ رہے ہیں۔ تصویر کے ساتھ انہوں نے مختصر کیپشن میں صرف "MAATRUBHUMI" لکھا۔

حال ہی میں سلمان خان فلمز نے ان خبروں کی تردید کی تھی جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ان کی آنے والی جنگی فلم "ماتر بھومی۔ مے وار ریسٹ اِن پیس" کو مرکزی فلم سرٹیفکیشن بورڈ کی منظوری سے متعلق مسائل کا سامنا ہے۔ پروڈکشن ہاؤس نے ان خبروں کو "جھوٹا" اور "مکمل طور پر بے بنیاد" قرار دیا۔

انسٹاگرام پر جاری بیان میں پروڈکشن ہاؤس نے واضح کیا کہ فلم کو ابھی تک سرٹیفکیشن کے لیے مرکزی فلم سرٹیفکیشن بورڈ کے پاس جمع ہی نہیں کرایا گیا ہے۔ اس لیے منظوری میں اعتراضات یا تاخیر سے متعلق تمام خبریں غلط ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ فلم ابھی سرٹیفکیشن کے مرحلے تک پہنچی ہی نہیں ہے اور اس حوالے سے جاری تمام قیاس آرائیاں حقیقت پر مبنی نہیں ہیں۔

سلمیٰ خان کی پروڈیوس کردہ اس فلم کو سلمان خان فلمز کے بینر تلے بنایا جا رہا ہے جبکہ اس کی ہدایت کاری اپوروا لاکھیا کر رہے ہیں۔ فلم میں چترانگدا سنگھ بھی ایک اہم کردار میں نظر آئیں گی۔

اس فلم کا ابتدائی نام "بیٹل آف گلوان" رکھا گیا تھا جسے بعد میں تبدیل کر کے "ماتر بھومی۔ مے وار ریسٹ اِن پیس" کر دیا گیا۔

فلم کی کہانی 2020 میں وادی گلوان میں ہندوستانی اور چینی فوجیوں کے درمیان ہونے والی جھڑپ پر مبنی ہے۔

اس فلم کو پہلے رواں سال اپریل میں ریلیز کیا جانا تھا تاہم بعد میں اس کی نمائش مؤخر کر دی گئی۔ فلم سازوں نے اب تک نئی ریلیز تاریخ کا اعلان نہیں کیا ہے۔