نئی دہلی
اداکار رتیش دیشمکھ نے کہا کہ سلمان خان فلم ’’راجا شیواجی‘‘ کا حصہ بننا چاہتے تھے، جس کے بعد انہیں ایسا خاص کردار تخلیق کرنا پڑا جو سلمان کے رتبے کے برابر ہو۔ یکم مئی کو ریلیز ہونے والی یہ فلم مراٹھا سلطنت کے بانی چھترپتی شیواجی مہاراج کی زندگی پر مبنی ہے۔ رتیش دیشمکھ نے فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ اس کی مشترکہ تحریر اور ہدایت کاری کی ذمہ داری بھی سنبھالی ہے۔
فلم میں سلمان خان مختصر مگر اہم کردار میں نظر آتے ہیں۔ انہوں نے جیوا ماہالا کا کردار ادا کیا ہے، جو ایک بہادر جنگجو تھے اور جنہوں نے پرتاپ گڑھ کی جنگ میں شیواجی مہاراج کی جان بچائی تھی۔
رتیش دیشمکھ نے کہا کہ ایک دن سلمان نے مجھ سے کہا کہ وہ ‘راجا شیواجی’ کا حصہ بننا چاہتے ہیں۔ میں نے اس بارے میں سوچا نہیں تھا، لیکن انہوں نے کہا، ‘تم میرے بغیر فلم نہیں بنا سکتے، مجھے اس کا حصہ بننا ہی ہے۔’ میں نے ان سے کچھ وقت مانگا، کیونکہ اگر وہ پردے پر آئیں گے تو اس کی ایک الگ اہمیت ہونی چاہیے۔ آخرکار وہ سلمان خان ہیں، لوگوں کو لطف آنا چاہیے۔
اداکار و ہدایت کار رتیش نے کہا کہ وہ چاہتے تھے کہ سلمان فلم میں ایسا کردار نبھائیں جو ناظرین کے دلوں میں اتر جائےانہوں نے کہا کہ میں چاہتا تھا کہ وہ ایک خاص کردار ادا کریں۔ وہ کردار سلمان خان سے بھی بڑا محسوس ہونا چاہیے اور ساتھ ہی مداح بھی اس سے لطف اندوز ہوں۔ پھر ہمیں یہ کردار ملا۔ مجھے معلوم تھا کہ ایک خاص مکالمہ چاہیے جو بالکل موزوں بیٹھے۔ جب وہ منظر پردے پر آیا اور ویسا ہی اثر چھوڑ گیا جیسا ہم چاہتے تھے، تو وہ لمحہ شاندار تھا۔
یہ پہلی بار نہیں ہے کہ سلمان خان نے رتیش کی فلموں میں خاص کردار ادا کیا ہو۔ اس سے پہلے وہ 2022 میں رتیش کی ہدایت کاری والی پہلی فلم ’’وید‘‘ میں ایک خصوصی گانے میں نظر آئے تھے۔ جبکہ ’’لے بھاری‘‘ میں بھی انہوں نے مختصر کردار ادا کیا تھا، جو مراٹھی سنیما میں رتیش کی پہلی فلم تھی۔’’راجا شیواجی‘‘ ایک ستاروں سے سجی فلم ہے۔ فلم میں سنجے دت نے افضل خان، ابھیشیک بچن نے سنبھاجی شاہ جی بھونسلے، ودیا بالن نے بڑی بیگم، فردین خان نے مغل بادشاہ شاہجہاں اور امول گپتے نے عادل شاہ کا کردار ادا کیا ہے۔
رتیش نے کہا کہ ہندی فلم انڈسٹری کے ان کے دوستوں نے صرف محبت اور احترام کی وجہ سے فلم میں کام کیا اور کسی نے معاوضے کے طور پر ایک روپیہ تک نہیں لیا۔’’راجا شیواجی‘‘ نے مراٹھی اور ہندی دونوں زبانوں میں گھریلو باکس آفس پر 52.66 کروڑ روپے کی مجموعی کمائی کی ہے۔
فلم میں مہیش مانجریکر، سچن کھیڈیکر، بھاگیہ شری اور جتیندر جوشی بھی اہم کرداروں میں نظر آئے ہیں۔فلم کو جیو اسٹوڈیوز پیش کر رہا ہے اور اس کی تیاری جیوتی دیشپانڈے اور رتیش کی اہلیہ و اداکارہ جنیلیا دیشمکھ نے ممبئی فلم کمپنی کے بینر تلے کی ہے۔