ممبئی
اداکار راجپال یادو سنہ 2012 کے چیک واپسی کے ایک معاملے میں فروری میں تہاڑ جیل میں خود پیش ہونے کے بعد اس وقت ضمانت پر باہر ہیں۔ خود پیش ہونے سے پہلے انہوں نے ذرائع ابلاغ سے کہا تھا کہ ان کے پاس رقم ادا کرنے کے لیے پیسے نہیں ہیں، جس کے بعد ہندوستانی سنیما میں کردار ادا کرنے والے فنکاروں کی مالی حالت پر وسیع بحث چھڑ گئی تھی۔
تاہم ضمانت ملنے کے بعد راجپال یادو نے واضح کیا کہ اپنے تقریباً تین دہائیوں پر محیط کیریئر میں وہ کبھی کام سے خالی نہیں رہے۔ حال ہی میں فرح خان کے ویڈیو بلاگ میں گفتگو کے دوران انہوں نے اس موضوع پر دوبارہ بات کی۔
گفتگو میں فرح خان نے ان سے پوچھا کہ کیا اب بھی آپ کے پاس کام ہے؟" اس پر راجپال نے فوراً جواب دیا، "میں نے آپ کے ساتھ سنہ 1999 میں کام شروع کیا تھا۔" جب فرح نے پوچھا کہ کیا وہ ان کی پہلی فلم تھی، تو انہوں نے کہا کہ نہیں، میری پہلی فلم ‘شول’ تھی، اس کے بعد میں ‘مست’ میں گیا، جو رام گوپال ورما کی فلم تھی۔" اس پر فرح نے پوچھا، "تو آپ رامو کی دریافت ہیں؟" راجپال نے اثبات میں جواب دیا، "بالکل"، اور فرح نے کہا کہ رامو نے ایک ہنر مند فنکار تلاش کیا۔
مزید بات کرتے ہوئے راجپال یادو نے کہا کہ رام گوپال ورما نے انہیں فلم ‘جنگل’ دی۔ اسی سال ہریتک روشن کو ‘کہو نا پیار ہےi’ کے لیے بہترین اداکار، راکیش روشن کو بہترین ہدایتکار اور انہیں ‘جنگل’ کے لیے بہترین منفی کردار کا اعزاز ملا۔ انہوں نے کہا کہ سنہ 2000 میں ہی انہیں فلمی دنیا سے اتنا پیار اور پہچان ملی کہ اب تک وہ تقریباً 200 فلموں میں کام کر چکے ہیں اور کبھی بے روزگار نہیں رہے۔
اس پر فرح خان نے تبصرہ کیا کہ انہوں نے شاید صرف پریادرشن کے ساتھ ہی 100 فلمیں کر لی ہوں گی۔ اس پر راجپال ہنستے ہوئے بولے کہ انہوں نے رام گوپال ورما، پریہ درشن اور ڈیوڈ دھون تینوں کے ساتھ تقریباً 50-50 فلمیں کی ہیں۔ گفتگو کے دوران فرح نے مذاق میں کہا کہ یہاں تک کہ سلمان خان بھی آپ کے بغیر نہیں چل سکتے۔" اس پر راجپال نے مسکراتے ہوئے کہا، "ہاں، سلمان بھائی اور اکشے کمار دونوں میرے بغیر نہیں چل سکتے۔ میں نے شاہ رخ خان کے ساتھ بھی کم از کم چار فلموں میں کام کیا ہے۔
آخر میں فرح نے مذاق میں کہا کہ انہوں نے کبھی اپنی فلموں میں راجپال کو نہیں لیا۔ اس پر راجپال نے ہنستے ہوئے جواب دیا، "سچ کہوں تو آپ نے مجھے کبھی موقع ہی نہیں دیا۔ بتائیے، ‘ؐیں ہوں ںا’ میں کون ایسا تھا جو کام نہیں کرنا چاہتا تھا؟" اس پر فرح نے پلٹ کر پوچھا کہ انہیں اس فلم میں کون سا کردار دیا جاتا، لیکن راجپال نے بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا، "‘Om Shanti Om’ میں کام کرنے کے لیے کون بے تاب نہیں تھا؟" جس پر دونوں ہنس پڑے۔