میں اب بھی مسلمان ہوں، لیکن اب نام میں فاطمہ نہیں لگاتی: راکھی ساونت

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 03-06-2026
میں اب بھی مسلمان ہوں، لیکن اب نام میں فاطمہ نہیں لگاتی: راکھی ساونت
میں اب بھی مسلمان ہوں، لیکن اب نام میں فاطمہ نہیں لگاتی: راکھی ساونت

 



ممبئی
تفریحی دنیا کی معروف شخصیت راکھی ساونت ایک بار پھر اپنے بے باک بیانات کی وجہ سے خبروں میں ہیں۔ اس بار انہوں نے اپنے مذہب کی تبدیلی، اپنے سابق شوہر عادل خان درانی سے شادی اور اسلام قبول کرنے کے بعد اپنی زندگی میں آنے والی تبدیلیوں پر کھل کر بات کی ہے۔
حال ہی میں ایک مشہور ڈیجیٹل شو میں گفتگو کے دوران راکھی ساونت نے اپنی ذاتی زندگی کے کئی پہلوؤں کو شیئر کیا۔ انہوں نے اپنی شادیوں، ذاتی مشکلات، ذہنی صدمے اور زندگی کے مشکل ادوار کا ذکر کرتے ہوئے اس وقت کو بھی یاد کیا جب انہوں نے اسلام قبول کیا تھا۔
پروگرام کے دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا انہوں نے اسلام قبول کیا ہے تو انہوں نے اپنے مخصوص انداز میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے سابق شوہر عادل خان درانی سے شادی کے بعد مذہب تبدیل کیا تھا۔ راکھی نے گفتگو میں مزاحیہ انداز میں اپنے سابق شوہر کا ذکر بھی کیا۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا مذہب تبدیل کرنے کے بعد انہوں نے اپنا نام بھی بدلا تھا تو راکھی نے بتایا کہ اس وقت انہوں نے "فاطمہ" نام اختیار کیا تھا۔ تاہم اب وہ عوامی زندگی میں اس نام کا استعمال نہیں کرتیں اور خود کو راکھی ساونت ہی کہتی ہیں۔راکھی نے کہا کہ میں راکھی ساونت ہوں۔ میں اسلام کی پیروی کرتی ہوں، لیکن اب فاطمہ نام استعمال نہیں کرتی۔” ان کے اس بیان نے ایک بار پھر سوشل میڈیا اور شوبز انڈسٹری میں بحث چھیڑ دی ہے۔
اداکارہ نے واضح کیا کہ اگرچہ ان کا ازدواجی رشتہ ختم ہو چکا ہے، لیکن وہ اسلام کی پیروی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ باقاعدگی سے نماز ادا کرتی ہیں اور مذہبی سرگرمیوں میں حصہ لیتی رہتی ہیں۔
گفتگو کے دوران راکھی نے یہ بھی بتایا کہ انہیں اسلامی روایات سے خاص لگاؤ ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ اب تک آٹھ بار عمرہ کر چکی ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ حج سیزن کے بعد وہ دوبارہ مکہ جانے کا ارادہ رکھتی ہیں۔یاد رہے کہ 2022 میں عادل خان درانی سے شادی کے دوران راکھی ساونت نے اسلام قبول کیا تھا اور اسی وقت انہوں نے فاطمہ نام بھی اختیار کیا تھا۔ تاہم بعد میں دونوں کے تعلقات میں کشیدگی پیدا ہوئی اور ان کی علیحدگی کافی خبروں میں رہی۔
اس کے باوجود راکھی کئی بار کہہ چکی ہیں کہ ان کا مذہب تبدیل کرنا صرف شادی تک محدود نہیں تھا اور وہ آج بھی اسلامی عقائد کا احترام کرتی ہیں۔ ان کے مطابق مذہب ان کا ذاتی عقیدہ ہے اور وہ اپنی روحانی سفر کو جاری رکھنا چاہتی ہیں۔
راکھی ساونت اپنی بے باک اور واضح بیانات کی وجہ سے جانی جاتی ہیں، یہی وجہ ہے کہ ان کی ذاتی زندگی سے جڑا کوئی بھی انکشاف اکثر خبروں کی زینت بن جاتا ہے۔ اس بار بھی ان کے مذہب اور شناخت سے متعلق بیانات نے لوگوں کی توجہ حاصل کی ہے۔