ممبئی / آواز دی وائس
۔98ویں اکیڈمی ایوارڈز یعنی آسکر کا وقت قریب آ رہا ہے، اور ہندوستانی سنیما نے ایک بار پھر دنیا کے سب سے بڑے فلمی اسٹیج پر اپنی مضبوط موجودگی درج کرا دی ہے۔ اس سال دو شاندار ہندوستانی فلمیں رشبھ شیٹی کی ’کانتارا: چیپٹر 1‘ اور انوپم کھیر کی ’تنوی دی گریٹ‘ بہترین فلم (بیسٹ پکچر) کے زمرے کے لیے اہل فلموں کی طویل فہرست میں شامل ہو گئی ہیں۔
اس سال مجموعی طور پر 317 فیچر فلمیں آسکر کے لیے اہل قرار پائی ہیں، جن میں سے 201 فلموں کو بہترین فلم کی فہرست میں جگہ ملی ہے۔ ان دونوں ہندوستانی فلموں نے بھی عالمی سطح پر اپنی شناخت قائم کی ہے۔
فلمیں آسکر کی اس فہرست میں تب شامل ہوتی ہیں جب وہ کچھ سخت معیار پر پورا اترتی ہیں کہ سب سے پہلے، فلم کا 2025 میں امریکہ کے ٹاپ 50 بازاروں میں کم از کم 10 مقامات پر سینما گھروں میں ریلیز ہونا ضروری ہے، اور وہاں کم از کم 7 دن مسلسل نمائش ہونا لازمی ہے۔
فلم کے پروڈیوسرز کو ایک خصوصی فارم بھرنا ہوتا ہے، جسے اکیڈمی ریپریزینٹیشن اینڈ انکلوژن اسٹینڈرڈز کہا جاتا ہے۔ اس فارم کے ذریعے یہ یقینی بنایا جاتا ہے کہ فلم میں سماج کے ہر طبقے کی نمائندگی ہو، تنوع اور شمولیت کو مدنظر رکھا گیا ہو۔ اس کے لیے چار معیارات مقرر کیے گئے ہیں، جن میں سے کم از کم دو پر پورا اترنا لازمی ہوتا ہے۔ ان میں آن اسکرین کرداروں میں تنوع، فلمی ٹیم میں مختلف برادریوں کے افراد کی شمولیت، اور فلم سازی کے دوران شمولیتی اصولوں کی پاسداری شامل ہے۔
۔22 جنوری 2026 کو آسکر کے نامزد امیدواروں کا اعلان کیا جائے گا، اور ان میں سے کسی ایک فلم کو آسکر سے نوازا جائے گا۔ اگر یہ دونوں فلمیں نامزد ہو جاتی ہیں تو یہ ہندوستانی سنیما کے لیے ایک بہت بڑی کامیابی ہوگی۔
کانتارا: چیپٹر 1
یہ فلم 2022 کی سپر ہٹ فلم ’کانتارا‘ سے پہلے کی کہانی بیان کرتی ہے۔ اس کی بنیاد تُلوناڈو کی دیوی پوجا اور چوتھی صدی کے قدیم کدمبا خاندان کے پس منظر پر ہے۔ رشبھ شیٹی نے اس میں ایک ایسے محافظ کا کردار ادا کیا ہے جو کانتارا کے جنگلات اور قبائلی برادری کی حفاظت کرتا ہے۔
تنوی دی گریٹ
یہ فلم انوپم کھیر کی ہدایت کاری میں بنی ہے۔ اس میں شبھانگی ’تنوی رائنا‘ کا کردار ادا کر رہی ہیں، جو آٹزم سے متاثرہ ایک لڑکی ہے اور اپنے والد کی ہندوستانی فوج میں خدمات سے متاثر ہو کر خود فوج میں شامل ہونے کا خواب دیکھتی ہے۔ فلم میں انوپم کھیر، جیکی شروف، بومن ایرانی اور کرن ٹیکر بھی اہم کرداروں میں شامل ہیں۔