واشنگٹن
سی این این کے مطابق، نیٹ فلکس نے اعلان کیا ہے کہ "دی بریک فاسٹ کلب" آئی ہارٹ میڈیا کا مقبول مارننگ شو، جسے شارلامین تھا گاڈ، ڈی جے اینوی اور جیس ہیلیریئس پیش کرتے ہیں یکم جون سے ہر ہفتے کے دنوں میں اس پلیٹ فارم پر براہِ راست نشر کیا جائے گا۔
اس کے ساتھ ہی "دی بریک فاسٹ کلب" نیٹ فلکس کا پہلا روزانہ لائیو پروگرام بن جائے گا۔ یہ اقدام اسٹریمنگ پلیٹ فارم کی جانب سے اپنے ناظرین کے لیے مزید براہِ راست مواد فراہم کرنے کی کوششوں کا ایک اہم حصہ ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق، آئی ہارٹ میڈیا کے ساتھ پہلے سے طے شدہ ایک معاہدے کے تحت نیٹ فلکس، "دی بریک فاسٹ کلب" کے ویڈیو ورژن کا خصوصی اسٹریمنگ پلیٹ فارم بن چکا تھا۔ ریڈیو شو کے براہِ راست نشر ہونے کے بعد اس کی مکمل اقساط نیٹ فلکس پر دستیاب کر دی جاتی تھیں۔
نیٹ فلکس پر پیش کیا جانے والا یہ نیا لائیو ورژن ریڈیو نشریات سے مختلف ہوگا۔ یہ پروگرام بدستور پاور 105.1 / ڈبلیو ڈبلیو پی آر-ایف ایم پر نشر کیا جاتا رہے گا اور پریمیئر نیٹ ورکس کے ذریعے بھی سنڈیکیٹ کیا جائے گا۔تاہم نیٹ فلکس نے کہا ہے کہ اس کی لائیو اسٹریم میں ریڈیو شو کے اشتہاری وقفوں کو اضافی مواد دکھانے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
اس اضافی مواد میں خصوصی سیگمنٹس، پردے کے پیچھے کے مناظر، طویل انٹرویوز اور اصل تخلیقی مواد شامل ہوگا، جس سے ناظرین کو بغیر رکاوٹ کے زیادہ بہتر اور منفرد تجربہ حاصل ہوگا۔اس فیصلے کے بارے میں بات کرتے ہوئے شارلامین تھا گاڈ نے ایک بیان میں کہا کہ لائیو پروگرام اب بھی لوگوں کو ایک دوسرے سے جوڑنے کا مؤثر ذریعہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا کا منظرنامہ مسلسل تبدیل ہوتا رہے گا، لیکن ایک چیز ہمیشہ برقرار رہے گی، اور وہ ہے لائیو پروگرامنگ۔ یہی ایک بڑی وجہ ہے کہ ’دی بریک فاسٹ کلب‘ اتنے طویل عرصے سے اپنی مقبولیت اور برتری برقرار رکھے ہوئے ہے۔ ہم حقیقی وقت کی گفتگو اور ایک مضبوط کمیونٹی پر مبنی ایک طاقتور پلیٹ فارم تشکیل دے رہے ہیں، اور وہ بھی عالمی سطح پر۔
نیٹ فلکس میں مواد کی لائسنسنگ اور پروگرامنگ حکمتِ عملی کی نائب صدر لارین اسمتھ نے کہا کہ "دی بریک فاسٹ کلب" کا نیٹ فلکس کا پہلا روزانہ لائیو پروگرام بننا پلیٹ فارم کے لیے ایک انتہائی اہم سنگِ میل ہے۔
واضح رہے کہ "دی بریک فاسٹ کلب" نیٹ فلکس کا پہلا لائیو پروگرام نہیں ہے۔ اس سے قبل یہ پلیٹ فارم اتوار کی راتوں میں "دی بل سیمنز پوڈکاسٹ" کو بھی براہِ راست نشر کر چکا ہے۔
اس کے علاوہ نیٹ فلکس نے این ایف ایل کے میچز، لائیو کامیڈی شوز اور دیگر براہِ راست تقریبات میں بھی سرمایہ کاری کی ہے۔نیٹ فلکس اب ویڈیو پوڈکاسٹس کے شعبے پر بھی اپنی توجہ بڑھا رہا ہے، جو اس وقت ایک ایسا میدان ہے جس میں یوٹیوب نمایاں برتری رکھتا ہے۔
کمپنی نے پوڈکاسٹس سے متعلق آئی ہارٹ میڈیا، اسپاٹیفائی اور باراسٹول اسپورٹس کے ساتھ مختلف معاہدوں کا اعلان کیا ہے، جبکہ پیٹ ڈیوڈسن اور برائن ولیمز جیسی معروف شخصیات کے ساتھ بھی نئے منصوبوں کا آغاز کیا ہے۔