ممبئی، :نامور اداکار منوج باجپائی نے کہا ہے کہ او ٹی ٹی پلیٹ فارمز کا ابھرنا اُن جیسے فنکاروں کے لیے ایک "نعمت" ثابت ہوا ہے، کیونکہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر کہانی اور اداکاری کو ترجیح دی جاتی ہے، جبکہ روایتی سینما زیادہ تر باکس آفس نمبروں پر منحصر ہوتا ہے۔اداکار نے کہا کہ ہندوستانی تھیٹر فلمیں بدقسمتی سے ٹیلنٹ پر نہیں بلکہ کمائی پر انحصار کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ او ٹی ٹی واقعی ٹیلنٹ کے لیے ایک نعمت ہے۔ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ہندوستان میں زیادہ تر مرکزی دھارے کی فلمیں ٹیلنٹ پر نہیں چلتی ہیں، وہ باکس آفس پر چلتی ہیں۔
اگر کمائی ہے، تو فلم کی کوالٹی اہم نہیں
منوج باجپائی کا کہنا تھا کہ اگر کسی فلم کی کمائی اچھی ہے تو چاہے اس میں ٹیلنٹ نہ ہو، فلم کو کام یابی مل جاتی ہے اور سب کو کام ملتا ہے۔انہوں نے کہاکہ مرکزی دھارے کی فلموں میں جب کاسٹنگ کی بات آتی ہے تو ٹیلنٹ سب سے اہم معیار نہیں ہوتا۔
او ٹی ٹی پر کہانی اور اداکار اہم ہوتے ہیں
منوج باجپائی نے 'دی فیملی مین'سے لے کر 'گل مہر'اور 'صرف ایک بندہ کافی ہے'تک اپنے او ٹی ٹی کے سفر کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ان پلیٹ فارمز نے اصل ٹیلنٹ کو پہچاننے کا موقع دیا۔"او ٹی ٹی پر یہ سب کچھ کہانی اور ٹیلنٹ پر منحصر ہوتا ہے۔ میں نے سات سالوں میں یہ دیکھا ہے، اور میں ان اداکاروں میں سے ہوں جنہیں اس پلیٹ فارم سے فائدہ ہوا ہے۔
تھیٹر میں فلم ختم ہونے کے بعد بھی جدوجہد جاری رہتی ہے
اداکار نے بتایا کہ جب وہ کوئی فلم تھیٹر کے لیے کرتے ہیں، تو فلم مکمل ہونے کے بعد بھی انہیں اسے پروموٹ کرنے، ریلیز کروانے اور پروڈیوسر کی مدد کرنے کے لیے جدوجہد کرنا پڑتی ہے۔جب بھی میں انڈی فلم یا چھوٹی فلم کرتا ہوں، تو میرا کام فلم کے ساتھ ختم نہیں ہوتا۔ پھر مجھے اسے بیچنا بھی پڑتا ہے۔ مختلف دفتروں کے چکر لگانے پڑتے ہیں۔
او ٹی ٹی نے ہمیں ہمارے جیسے کہانیاں بنانے کا موقع دیا
منوج باجپائی نے کہا کہ او ٹی ٹی نے اُن جیسے اداکاروں کے لیے نہ صرف مواقع پیدا کیے بلکہ انہیں وہ اسکرپٹس کرنے کا موقع دیا جو وہ ہمیشہ سے کرنا چاہتے تھے۔او ٹی ٹی میرے جیسے اداکار کے لیے ایک نعمت تھی کیونکہ اس نے ہمیں چوائسز دیں۔ ہم وہ فلمیں بنا سکے جو ہم بنانا چاہتے تھے۔ میری نسل کے بہت سے اداکار، جنہیں شاید اگلے 6-7 سال بعد کام ملتا، او ٹی ٹی نے انہیں فوری موقع دے دیا۔
منوج باجپائی کی نئی فلم: ’انسپکٹر زینڈے‘
منوج باجپائی اب نیٹ فلکس کی فلم 'انسپکٹر زینڈے'میں نظر آئیں گے، جس میں جم سربھ بھی مرکزی کردار میں شامل ہیں۔یہ فلم ایک سچی کہانی سے متاثر ہے جسے چنمے منڈلیکر نے لکھا اور ڈائریکٹ کیا ہے، اور جے شیوکرمانی اور اوم راوت نے پروڈیوس کیا ہے۔اداکار جم سربھ نے اپنے کردار کارل بھوج راج کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس کردار کے لیے خاص لہجہ سیکھنا پڑا اور اس کردار کی نفسیات کو سمجھنے کے لیے کافی تحقیق کرنا پڑی۔ہدایتکار چنمے منڈلیکر نے کہا کہ فلم کا آئیڈیا پروڈیوسر اوم راوت نے دیا، جو انسپکٹر مدھوکر زینڈے کی ایک مہم پر مبنی ہے، جس میں انہوں نے ایک بین الاقوامی مجرم کو پکڑا تھا۔فلم 5 ستمبرسے نیٹ فلکس پر دستیاب ہوگی۔