ممبئی/ آواز دی وائس
مزاحیہ اداکار کپل شرما نے بدھ کو کہا کہ کینیڈا کے شہر سَرے میں اُن کے کیفے پر ہونے والی فائرنگ کی تین وارداتوں نے حکام کو مجبور کر دیا ہے کہ وہ ملک میں ایسے حملوں کے خلاف مؤثر کارروائی کریں۔
کپل شرما کے ’کیپس کیفے‘ جو جولائی میں برٹش کولمبیا کے سَرے میں کھلا تھا کو پہلی بار 10 جولائی کو نامعلوم افراد نے نشانہ بنایا، اس کے بعد 7 اگست اور 16 اکتوبر کو کیفے پر مزید دو حملے ہوئے۔ ان واقعات میں کوئی زخمی نہیں ہوا اور نہ ہی کسی گروہ نے ذمہ داری قبول کی ہے۔ اپنی آنے والی فلم "کس کس کو پیار کروں 2" کے ٹریلر لانچ کے موقع پر، ان سے کیفے پر فائرنگ کے بارے میں سوال کیا گیا۔
شرما نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ وہاں کے قوانین اور پولیس کے پاس شاید اس طرح کی وارداتوں کو روکنے کی پوری طاقت نہیں ہے۔ لیکن جب ہمارا معاملہ پیش آیا تو یہ براہِ راست وفاقی حکومت تک پہنچا اور کینیڈا کی پارلیمنٹ میں اس پر بحث ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ اصل میں ہر فائرنگ کے بعد ہمارے کیفے میں زیادہ لوگ آنے لگے۔ تو اگر خدا میرے ساتھ ہے تو سب خیر ہے۔ شرما نے بتایا کہ ان حملوں کے بعد بہت سے لوگوں نے ان سے رابطہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ میرا ماننا ہے کہ خدا جو بھی کرتا ہے، اس کے پیچھے کی کہانی ہمیں فوراً معلوم نہیں ہوتی… وہاں سے مجھے بہت سے لوگوں کے فون آئے۔ انہوں نے بتایا کہ بہت کچھ پہلے سے چل رہا تھا، لیکن میرے کیفے پر فائرنگ کے بعد یہ ایک بڑی خبر بن گئی اور اب وہاں قانون و نظم کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
کپل شرما نے کہا کہ میں نے ممبئی میں یا ہمارے ملک کے کسی بھی حصے میں کبھی خود کو غیر محفوظ محسوس نہیں کیا۔ ممبئی جیسا کوئی دوسرا شہر نہیں ہے۔