مرزا پور: دی مووی کا ٹیزر جاری

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 25-06-2026
مرزا پور: دی مووی کا ٹیزر جاری
مرزا پور: دی مووی کا ٹیزر جاری

 



ممبئی
بہت انتظار کے بعد فلم میرزاپور: دی مووی کا پہلا جھلک نما ٹیزر جمعرات کو باضابطہ طور پر جاری کر دیا گیا، جس کے ذریعے ناظرین کو پہلی بار اس مقبول فرنچائز کے او ٹی ٹی پلیٹ فارم سے سنیما گھروں تک کے سفر کی جھلک دیکھنے کو ملی۔ ٹیزر میں فرنچائز کے کئی مشہور کرداروں کی واپسی دکھائی گئی ہے۔ پنکج ترپاٹھی ایک بار پھر کالین بھیا کے کردار میں نظر آئیں گے، جبکہ علی فضل گڈو پنڈت کے روپ میں اور شویتا ترپاٹھی گولو کے کردار میں واپس آرہی ہیں۔
ٹیزر کی سب سے بڑی خاص بات مداحوں کے پسندیدہ کردار منّا بھیا کی واپسی ہے، جسے ایک مرتبہ پھر دویندو شرما ادا کرتے نظر آئیں گے۔ یہ انکشاف طویل عرصے سے سیریز کے مداحوں کے لیے خاصی خوشی کا باعث بن سکتا ہے۔2018 میں شروع ہونے والی سیریز کے بعد پہلی بار میرزاپور کی دنیا سنیما گھروں کا رخ کر رہی ہے، جس کے ذریعے اس کہانی کو مزید وسعت دی جا رہی ہے۔
فلم سازوں کے مطابق، فلم سیریز کے قائم شدہ ٹائم لائن سے جڑی رہے گی، لیکن بڑے پردے کے لیے ایک ایسی ’’شاندار اور ان کہی کہانی‘‘ پیش کرے گی جو پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی۔ٹیزر میں کاسٹ کے نئے ارکان کو بھی متعارف کرایا گیا ہے۔ جیتندر کمار ببلو پنڈت کے کردار میں نظر آئیں گے، جبکہ روی کشن ایک طاقتور نئے کردار کے ساتھ فرنچائز میں شامل ہوئے ہیں، جو میرزاپور کی دنیا میں ایک نئی جہت کا اضافہ کرے گا۔
مداحوں نے سوشل میڈیا پر فلم کے اعلان پر زبردست جوش و خروش کا اظہار کیا۔ ایک مداح نے لکھا کہ روی کشن اس فلم پر چار چاند لگا دیں گے،‘‘ جبکہ ایک اور صارف نے تبصرہ کیا کہ روی کشن آگ لگا رہے ہیں۔فلم سازوں نے اعلان کرتے ہوئے کہا، ’’میرزاپور: دی مووی کو 4 ستمبر 2026 سے صرف سنیما گھروں میں ہندی اور تیلگو زبانوں میں دیکھیے۔ بھوکال پہلے سے کہیں زیادہ بڑا ہونے والا ہے۔ سال کی سب سے زیادہ منتظر فلم کا ٹیزر اب جاری ہو چکا ہے۔
فلم میں سیریز کے واقعات سے پہلے کی ایک کہانی دکھائے جانے کا امکان ہے، جس میں خونی دشمنیاں، گینگ وار اور باپ بیٹے کے پیچیدہ رشتوں کو مرکزی حیثیت حاصل ہوگی۔
اس بار کہانی کا دائرہ پوروانچل سے آگے بڑھتا ہوا دکھائی دے گا۔ ٹیزر میں مشرقی اتر پردیش کی گلیوں سے لے کر راجستھان کے صحراؤں تک مختلف مقامات کی جھلک دکھائی گئی ہے۔فلم کی مضبوط کاسٹ میں ابھیشیک بنرجی، رسیکا دوگل، موہت مالک، شیبا چھڈھا، راجیش ٹیلانگ، پرمود پاٹھک، شریا پلگاؤنکر، ہرشیتا شیکھر گور اور سونل ایس چوہان بھی شامل ہیں۔میرزاپور: دی مووی کی ہدایت کاری گرمیت سنگھ نے کی ہے جبکہ اس کی کہانی پونیت کرشنا نے تحریر کی ہے۔ فلم کو رتیش سدھوانی اور فرحان اختر نے ایکسل انٹرٹینمنٹ کے بینر تلے پروڈیوس کیا ہے، جبکہ قاسم جگمگیا اور وشال رام چندانی شریک پروڈیوسر ہیں۔
ایمیزون ایم جی ایم اسٹوڈیوز اور ایکسل انٹرٹینمنٹ کے اشتراک سے پیش کی جانے والی یہ فلم 4 ستمبر 2026 کو ہندی اور تیلگو زبانوں میں سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی