نئی دہلی
ساؤتھ سپر اسٹار رجنی کانت کی آنے والی فلم ’جیلر 2‘ ایک بار پھر خبروں میں آ گئی ہے، لیکن اس بار وجہ نہایت افسوسناک ہے۔ فلم کی شوٹنگ کے دوران ایک بڑا حادثہ پیش آیا، جس میں ایک کریو ممبر کی موت ہو گئی۔
اطلاعات کے مطابق یہ حادثہ چنئی کے پنئیور علاقے میں واقع ایک پرائیویٹ اسٹوڈیو کے سیٹ پر پیش آیا۔ متوفی کریو ممبر کی شناخت کارتیکیئن کے طور پر ہوئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ سیٹ پر ایک گھر کا منظر تیار کیا جا رہا تھا، اسی دوران انہیں اچانک شدید برقی جھٹکا لگا، جس سے ان کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعے کی جانچ شروع کر دی گئی ہے، تاہم اب تک اس معاملے میں ایف آئی آر درج نہیں کی گئی ہے۔ یہ بھی تفتیش کی جا رہی ہے کہ آخر برقی جھٹکا کیسے لگا اور کن حالات میں یہ حادثہ پیش آیا۔ فی الحال فلم کی ٹیم کی جانب سے اس واقعے پر کوئی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
رجنی کانت کی یہ فلم ’جیلر‘ کا سیکوئل ہے، جو سال 2023 کی بلاک بسٹر فلم رہی تھی اور دنیا بھر میں 600 کروڑ روپے سے زیادہ کی کمائی کر چکی ہے۔ ’جیلر 2‘ میں رجنی کانت ایک بار پھر اپنے مقبول کردار ’ٹائیگر‘ متھوویل پانڈین کے روپ میں نظر آئیں گے۔
فلم کی ہدایت کاری نیلسن دلیپ کمار کر رہے ہیں۔ اس میں رمیا کرشنن بھی اپنے پرانے کردار میں واپسی کریں گی۔ اس کے علاوہ شیوا راجکمار اور موہن لال کیمیو رول میں دکھائی دیں گے، جبکہ متھن چکرورتی بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ فلم کی ریلیز تاریخ کا ابھی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔