ممبئی
فلم ساز اور ہدایت کار مہیش بھٹ کی نجی زندگی ہمیشہ سے خبروں اور بحث کا موضوع رہی ہے۔ اب ان کی بڑی بیٹی پوجا بھٹ نے ایک بار پھر اپنے والد کے اس فیصلے پر کھل کر اظہارِ خیال کیا ہے، جب انہوں نے اداکارہ سونی رازدان سے شادی کرنے کے لیے اسلام قبول کیا تھا۔
حال ہی میں صحافی وکی لالوانی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں پوجا بھٹ نے اپنے والد کی زندگی کے اس حساس باب پر بے باکی سے اپنی رائے پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے والد کا احترام اس لیے کرتی ہیں کیونکہ انہوں نے اپنی جذباتی زندگی اور رشتوں کے بارے میں کبھی دکھاوا نہیں کیا۔ ان کے مطابق مہیش بھٹ نے معاشرے کے سامنے ایک جھوٹی تصویر پیش کرنے کے بجائے سچائی کو قبول کرنا بہتر سمجھا۔
واضح رہے کہ مہیش بھٹ نے 1986 میں سونی رازدان سے شادی کی تھی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس وقت انہوں نے اسلام قبول کر لیا تھا۔ اس دوران انہوں نے اپنی پہلی اہلیہ کرن بھٹ سے طلاق نہیں لی تھی۔ مہیش بھٹ کی پہلی شادی سے پوجا بھٹ اور راہول بھٹ ہیں، جبکہ دوسری شادی سے عالیہ بھٹ اور شاہین بھٹ پیدا ہوئیں۔
گفتگو کے دوران پوجا بھٹ نے کہا کہ ان کے والد نے اپنے بدلتے ہوئے جذبات کو تسلیم کیا اور دوہری زندگی گزارنے کے بجائے سچائی کا راستہ اختیار کیا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر کسی شخص کو یہ احساس ہو جائے کہ اس کے جذبات بدل چکے ہیں تو کیا اسے صرف معاشرتی توقعات کی وجہ سے اسی رشتے میں رہنا چاہیے یا پھر دیانت داری کے ساتھ حقیقت کو قبول کرنا چاہیے؟
پوجا بھٹ نے اپنے والد کی ایمانداری کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ مہیش بھٹ نے کبھی ان کی والدہ سے تعلق مکمل طور پر منقطع نہیں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کے والد کی ایک خاص خوبی یہ ہے کہ جب وہ کسی کا ہاتھ تھامتے ہیں تو اسے آسانی سے چھوڑتے نہیں ہیں۔
ان کے مطابق وقت کے ساتھ خاندان کے رشتوں کی نوعیت ضرور بدلی، لیکن یہ رشتے کبھی ٹوٹے نہیں۔بھٹ خاندان کو اکثر بالی ووڈ کے سب سے منفرد اور زیرِ بحث خاندانوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ اس کے باوجود خاندان کے مختلف افراد کے درمیان تعلقات برقرار رہے۔ پوجا بھٹ متعدد مواقع پر یہ کہہ چکی ہیں کہ خاندان کے دونوں حصوں کے ساتھ ان کے تعلقات خوشگوار رہے ہیں اور انہوں نے ہمیشہ سب کو اپنے خاندان کا حصہ سمجھا ہے۔
پوجا بھٹ کے حالیہ بیان نے ایک بار پھر مہیش بھٹ کی نجی زندگی کو خبروں کا موضوع بنا دیا ہے۔ تاہم انہوں نے اس پورے معاملے کو کسی تنازع یا سنسنی خیزی کے طور پر پیش کرنے کے بجائے ایمانداری، حقیقت کو قبول کرنے اور پیچیدہ حالات میں بھی رشتوں کو برقرار رکھنے کی ایک مثال قرار دیا۔
ان کے مطابق یہ ایک ایسے خاندان کی کہانی ہے جس نے تمام نشیب و فراز اور سماجی بحث و مباحثوں کے باوجود اپنے رشتوں کو زندہ رکھا اور وقت کے ساتھ آگے بڑھایا۔