نئی دہلی
فلم لگان کا موسیقی ترتیب دیتے وقت معروف موسیقار اے آر رحمان کا مقصد ایسی دھنیں تخلیق کرنا تھا جو وقت کی کسوٹی پر پوری اتریں اور طویل عرصے تک لوگوں کے دلوں میں زندہ رہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ یہ فلم ہندوستانی فلمی موسیقی کو عالمی سطح پر شناخت دلانے میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوئی۔
فلم لگان کی ریلیز کے 25 سال مکمل ہونے کے موقع پر پی ٹی آئی-بھاشا سے گفتگو کرتے ہوئے اے آر رحمان نے پیر کے روز کہا کہ اس فلم کو حاصل ہونے والی بین الاقوامی پذیرائی نے انہیں کئی غیر ملکی منصوبوں تک رسائی فراہم کی۔
ہدایت کار اشوتوش گواریکر کی ہدایت کاری میں بننے والی اور اداکار عامر خان کی مرکزی کردار والی اس فلم کو بہترین غیر ملکی زبان کی فلم کے زمرے میں اکیڈمی ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔ فلم کی موسیقی کو بھی غیر معمولی پذیرائی حاصل ہوئی تھی۔
اے آر رحمان نے کہا کہ میری پہلی فلم سے ہی میری خواہش تھی کہ میرا موسیقی کا کام پوری دنیا تک پہنچے۔ ہم نے آواز کی تیاری، گیتوں، پیشکش، کریڈٹس اور ماسٹرنگ پر خصوصی محنت کی تاکہ یہ موسیقی مستقبل میں بھی اپنی اہمیت برقرار رکھے۔ میں چاہتا تھا کہ ہندوستانی موسیقی ایسی ہو جسے پوری دنیا پسند کرے۔
انہوں نے کہا کہ لگان کی کامیابی کے بعد انہیں چینی فلم واریرس آف ہیون اینڈ ارتھ اور بین الاقوامی فلم الیزبتھ : دی گولڈن ایج سمیت کئی منصوبوں میں کام کرنے کا موقع ملا۔
رحمان نے کہا کہ لگان میرے لیے ایک سنگِ میل ثابت ہوئی کیونکہ یہ میری ابتدائی فلموں میں سے ایک تھی جسے آسکر نامزدگی ملی۔ ایک لحاظ سے پوری دنیا نے اس فلم کو دیکھا۔سن 1893 کے پس منظر میں بنائی گئی لگان وسطی ہندوستان کے ایک فرضی گاؤں چمپنیر کے کسانوں کی کہانی بیان کرتی ہے، جنہیں ایک برطانوی افسر کرکٹ میچ جیتنے کی صورت میں لگان (ٹیکس) سے استثنا دینے کا چیلنج دیتا ہے۔
اے آر رحمان نے بتایا کہ جب اشوتوش گواریکر پہلی بار ان کے پاس یہ فلم لے کر آئے تو موسیقی کی کوئی واضح شکل موجود نہیں تھی اور فلم کا موسیقیاتی تصور بتدریج تشکیل پایا۔یہ دونوں کی پہلی مشترکہ فلم تھی، جس کے بعد انہوں نے سودیش، جودھا اکبر اور موہنجوداڑو جیسی فلموں میں بھی ایک ساتھ کام کیا۔
انہوں نے کہا کہ میرے ذہن میں موسیقی کے مختلف خیالات ہوتے ہیں اور میں ہدایت کار کے ردِعمل کا انتظار کرتا ہوں کیونکہ وہ پوری فلم کے وژن کو بہتر انداز میں سمجھتا ہے۔ کبھی وہ رہنمائی کرتا ہے، کبھی ہم کرتے ہیں اور بعض اوقات کچھ چیزیں خود بخود سامنے آ جاتی ہیں۔
رحمان نے مزید بتایا کہ فلم کے دیہی ماحول کو بہتر طور پر سمجھنے کے لیے ٹیم بھج گئی تھی، جہاں مقامی لوک موسیقاروں سے ملاقاتیں اور گفتگو کی گئی تھیں۔ان کے مطابق موسیقی کی تخلیق روایتی لوک دھنوں اور آوازوں کو بنیاد بنا کر کی گئی، اگرچہ اس میں جدید موسیقی کے آلات کا بھی استعمال کیا گیا تاکہ روایتی اور جدید انداز کے درمیان توازن قائم رکھا جا سکے۔