کترینہ کیف نے بیٹے کو جنم دیا، وکی کوشل نے سنائی خوشخبری

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 07-11-2025
کترینہ کیف نے بیٹے کو جنم دیا، وکی کوشل نے سنائی خوشخبری
کترینہ کیف نے بیٹے کو جنم دیا، وکی کوشل نے سنائی خوشخبری

 



ممبئی/ آواز دی وائس
ہندوستانی فلم انڈسٹری کے مشہور جوڑے وکی کوشل اور کترینہ کیف کے ہاں جمعہ کے روز پہلے بچے کی پیدائش ہوئی ہے۔ دونوں کو بیٹے کی نعمت حاصل ہوئی ہے۔ وکی اور کترینہ نے ایک مشترکہ پوسٹ کے ذریعے یہ خوشخبری مداحوں کے ساتھ شیئر کی، جس کے بعد پرستاروں اور قریبی دوستوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
پوسٹ میں دونوں نے لکھا کہ ہماری خوشیوں کا نیا سفر شروع ہو چکا ہے۔ بے پناہ محبت اور شکرگزاری کے ساتھ ہم اپنے بیٹے کا استقبال کرتے ہیں۔ 7 نومبر 2025 – کترینہ اور وکی۔
وکی کوشل نے اس پوسٹ کے کیپشن میں “خود کو بہت بابرکت محسوس کر رہا ہوں” کے الفاظ لکھے۔ جیسے ہی یہ خبر سامنے آئی، بالی وُڈ کی مشہور شخصیات نے تبصروں میں مبارکباد کے پیغامات کی بارش کر دی۔
ان میں منیش ملہوترا، اپاسنا کامینینی کونیڈیلا، نہا دھوپیا، ہما قریشی، راکول پریت سنگھ، لارا بھوپتی، ارجن کپور، گنیت مونگا اور شرِیا گھوشال سمیت کئی مشہور ہستیاں شامل تھیں۔ اس سے قبل ستمبر میں وکی کوشل اور کترینہ کیف نے ایک پیار بھری تصویر کے ذریعے اپنی حمل کی خبر مداحوں کے ساتھ شیئر کی تھی۔
انہوں نے لکھا تھا کہ ہم اپنی زندگی کے سب سے خوبصورت باب کا آغاز کرنے جا رہے ہیں، دلوں میں خوشی اور شکرگزاری کے ساتھ۔ تصویر میں دونوں نے سفید لباس پہن رکھا تھا، اور وکی کوشل کو کترینہ کے بیبی بمپ پر ہاتھ رکھتے ہوئے دیکھا جا سکتا تھا۔ یاد رہے کہ وکی کوشل اور کترینہ کیف نے 9 دسمبر 2021 کو راجستھان کے سِکس سینسز فورٹ برواڑہ میں شادی کی تھی۔ بعد میں ‘کافی ود کرن’ شو میں کترینہ کیف نے انکشاف کیا تھا کہ وہ وکی سے زویہ اختر کی پارٹی میں پہلی بار ملی تھیں، اور وہیں سے دونوں کے درمیان رومانس کی شروعات ہوئی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ میں ان کے بارے میں زیادہ نہیں جانتی تھی۔ وہ محض ایک نام تھا جس کے بارے میں کبھی سن رکھا تھا، لیکن جب میں ان سے ملی تو وہ پہلی ملاقات ہی میرے دل کو بھا گئی۔