ممبئی
بالی ووڈ اداکارہ كرشمہ كپور نے بتایا کہ اردن کی ملکہ رانیہ العبداللہ کی موجودگی میں منعقد ایک نجی راؤنڈ ٹیبل کا حصہ بننا ان کے لیے “اعزاز اور سعادت” کی بات تھی، جہاں خواتین رہنماؤں نے بااختیاری اور قیادت جیسے موضوعات پر تبادلۂ خیال کیا۔
کرشمہ کپور نے اپنے انسٹاگرام ہینڈل پر ایک تصویر شیئر کی، جس میں وہ ملکہ رانیہ عبداللہ، ایشا امبانی اور دیگر کے ساتھ نظر آ رہی ہیں۔ انہوں نے کیپشن میں اس ملاقات کو خواتین کی بااختیاری، قیادت اور مستقبل پر مرکوز ایک متاثر کن مکالمہ قرار دیا۔
انہوں نے لکھا كہ ملکہ معظمہ رانیہ عبداللہ کی باوقار موجودگی میں ایسی متاثر کن خواتین کے ساتھ نجی راؤنڈ ٹیبل کا حصہ بننا میرے لیے اعزاز اور سعادت کی بات تھی، جہاں خواتین کی بااختیاری، قیادت اور مستقبل پر خلوص دل سے گفتگو ہوئی۔
اجتماعی مکالمے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے مزید کہا كہ ایسے لمحات ایک طاقتور یاد دہانی ہوتے ہیں کہ جب خواتین مقصد، ایمانداری اور وژن کے ساتھ اکٹھی ہوتی ہیں تو وہ صرف گفتگو کو ہی نہیں، بلکہ آنے والی نسل کے مستقبل کو بھی شکل دیتی ہیں۔
اظہارِ تشکر کرتے ہوئے اداکارہ نے ایشا کا شکریہ ادا کیا اور کہا كہ اتنے بامعنی موقع کا حصہ بننے پر شکر گزار ہوں۔ ایشا، ایک شاندار اور یادگار شام کے لیے شکریہ۔ کرشمہ کپور فلموں جگر، اناری، راجا بابو، انداز اپنا اپنا، کولی نمبر 1، ساجن چلے سسرال، جیت، مرڈر مبارک سمیت کئی دیگر فلموں میں اپنی اداکاری کے لیے جانی جاتی ہیں۔