لاس اینجلس: مائیکل جیکسن کے بھتیجے جعفر جیکسن کی مرکزی اداکاری سے سجی فلم "مائیکل"نے عالمی باکس آفس پر ایک تاریخی کامیابی حاصل کرتے ہوئے 1 ارب امریکی ڈالرسے زائد کا کاروبار کر لیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی یہ عالمی سطح پر ایک ارب ڈالر کا ہندسہ عبور کرنے والی پہلی سوانحی فلم بن گئی ہے۔
ویریٹیکے مطابق، مائیکل جیکسن پر بننے والی اس سوانحی فلم نے بیرون ملک 629.8 ملین ڈالرجبکہ شمالی امریکہ میں 371.8 ملین ڈالرکا کاروبار کیا، جس کے بعد اس کی مجموعی عالمی کمائی 1.001 ارب ڈالرتک پہنچ گئی۔
فلم نے رواں سال اپریل میں سینما گھروں میں نمائش کے ساتھ ہی کئی ریکارڈ قائم کیے تھے۔ افتتاحی ہفتے کے اختتام پر فلم نے شمالی امریکہ میں 97 ملین ڈالراور عالمی سطح پر 217 ملین ڈالرکا بزنس کیا، جو 2015 کی مشہور میوزیکل سوانحی فلم "اسٹریٹ آؤٹا کامپٹن"کے افتتاحی ویک اینڈ کا ریکارڈ بھی توڑ گیا۔
ایک اور اعزاز کے طور پر "مائیکل"اب دنیا کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی میوزیکل سوانحی فلم بھی بن چکی ہے۔ اس نے 2018میں ریلیز ہونے والی "بوہیمین ریپسوڈی"کا 911 ملین ڈالرکا عالمی ریکارڈ بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ یہ فلم پروڈکشن کمپنی لائنز گیٹ کی تاریخ کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بھی بن گئی ہے اور اسی اسٹوڈیو کی پہلی فلم ہے جس نے ایک ارب ڈالر کا سنگ میل عبور کیا۔
ہدایت کار اینٹوان فوکوا کی اس فلم میں مائیکل جیکسن کے بچپن، جیکسن 5 گروپ کے دنوں سے لے کر کنگ آف پاپ بننے تک کے سفر کو پیش کیا گیا ہے۔
مائیکل جیکسن کا کردار ان کے حقیقی بھتیجے جعفر جیکسن نے اپنی پہلی فلم میں ادا کیا ہے، جبکہ کولمین ڈومینگو اور نیا لانگ نے بالترتیب ان کے والد جو جیکسن اور والدہ کیتھرین جیکسن کے کردار نبھائے ہیں۔
یہ فلم 2009میں مائیکل جیکسن کے انتقال کے کئی برس بعد ان کے خاندان کے متعدد افراد کے تعاون سے تیار کی گئی۔
فلم کی سرکاری وضاحت کے مطابق "مائیکل"میں موسیقی کی اس عظیم شخصیت کی زندگی کو "دیانت دارانہ انداز میں، اس کی غیر معمولی صلاحیتوں اور پیچیدہ شخصیت دونوں کے ساتھ"پیش کیا گیا ہے۔ فلم کی کہانی 1988پر اختتام پذیر ہوتی ہے اور اس میں مائیکل جیکسن کے عالمی شہرت یافتہ سپر اسٹار بننے کے سفر کو دکھایا گیا ہے، جبکہ بعد کے برسوں میں سامنے آنے والے الزامات کو فلم کا حصہ نہیں بنایا گیا۔