ممبئی: جیوتِرمئی نائک نے ’انڈین آئیڈل سیزن 16‘ کا خطاب جیت لیا

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 27-07-2026
ممبئی: جیوتِرمئی نائک نے ’انڈین آئیڈل سیزن 16‘ کا خطاب جیت لیا
ممبئی: جیوتِرمئی نائک نے ’انڈین آئیڈل سیزن 16‘ کا خطاب جیت لیا

 



 ممبئی: جیوتِرمئی نائک نے کئی ماہ تک جاری رہنے والے مقبول گائیکی ریئلٹی شو ’انڈین آئیڈل سیزن 16‘ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فاتح کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔

جیوتِرمئی نے ’انڈین آئیڈل‘ میں اپنے سفر کا اختتام ’سائیاں او سائیاں‘ گانے کی پرفارمنس کے ساتھ کیا۔ شو کے دوران ان کی متعدد پرفارمنس نے ناظرین اور ججز کے ساتھ ساتھ معروف شخصیات کو بھی متاثر کیا۔ ان کی ’او جب تک ہے جاں، جانے جہاں، میں ناچوں گی‘ کی پیشکش پر معروف اداکارہ ہیما مالنی نے کھڑے ہوکر ان کی حوصلہ افزائی کی۔

اسی طرح ’جانے کیوں لوگ محبت کیا کرتے ہیں‘ گانے کی جیوتِرمئی کی پرفارمنس نے بھی معروف اداکارہ لینا چنداورکر کو بے حد متاثر کیا۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ وہ اس مقبول گیت کو جیوتِرمئی کی آواز میں سننا چاہیں گی۔

’انڈین آئیڈل‘ میں شرکت سے قبل بھی جیوتِرمئی اوڈیا میوزک انڈسٹری میں بطور گلوکارہ اپنی شناخت بنا چکی تھیں۔ وہ میوزک تھراپی کے ذریعے کینسر کے مریضوں کے ساتھ بھی کام کرچکی ہیں۔

شو جیتنے کے بعد جیوتِرمئی نے اپنے سفر کو یاد کرتے ہوئے اپنے اہل خانہ، ججز، شو کی پوری ٹیم اور ان تمام ناظرین کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے کہا کہ ’انڈین آئیڈل سیزن 16‘ جیتنا ان کے لیے ایک ناقابلِ یقین احساس ہے۔

جیوتِرمئی نے کہا کہ وہ صرف ایک خواب لے کر آڈیشن دینے پہنچی تھیں اور آج فاتح بن کر کھڑی ہیں۔ ان کے مطابق یہ سفر ان کی زندگی کو بدل دینے والا ثابت ہوا۔ شو کے دوران ہر پرفارمنس نے انہیں ایک بہتر گلوکارہ، فن کار اور انسان بننے کا موقع دیا، اور وہ اس سفر کے دوران حاصل ہونے والے تمام تجربات کو ہمیشہ یاد رکھیں گی۔

’انڈین آئیڈل سیزن 16‘ کے گرینڈ فائنل میں ججز شریا گھوشال اور بادشاہ کے علاوہ اوشا اْتھپ، ادت نارائن، پاپون، کمار سانو، شہناز گل اور ارمیلا ماتونڈکر سمیت کئی معروف شخصیات نے خصوصی مہمانوں کے طور پر شرکت کی۔

’انڈین آئیڈل‘ کے 16ویں سیزن کا مرکزی موضوع ’یادوں کی پلے لسٹ‘ تھا، جس میں مختلف ادوار کے مقبول گیتوں پر مبنی پرفارمنس پیش کی گئیں۔