میں کبھی اچھی رقاصہ نہیں رہی: زینت امان

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 10-03-2026
میں کبھی اچھی رقاصہ نہیں رہی: زینت امان
میں کبھی اچھی رقاصہ نہیں رہی: زینت امان

 



ممبئی
زینت امان کا کہنا ہے کہ وہ کبھی بھی اچھی رقاصہ نہیں رہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جلد ہی فلم سازوں کو بھی یہ سمجھ آ گیا تھا کہ ان سے مشکل رقص کروانے کے بجائے انہیں اپنے فطری انداز میں تھرکنے دینا ہی بہتر ہے۔ زینت امان نے پرانی یادوں کو تازہ کرتے ہوئے پیر کے روز اپنے انسٹاگرام کھاتے پر 1979 کی فلمدی گریٹ گیمبلر  کے گیت اے دیوانو دل سنبھالو  کا ایک ویڈیو کلپ شیئر کیا۔
زینت امان نے کہا كہ جیسا کہ میں پہلے بھی ذکر کر چکی ہوں کہ میں کبھی بھی بہت اچھی رقاصہ نہیں رہی، کیونکہ اُس زمانے کی بیشتر اداکاراؤں کی طرح میں نے رقص کی کوئی باقاعدہ تربیت حاصل نہیں کی تھی۔اداکارہ نے لکھا كہ اس کے باوجود مجھے سُر اور تال پر تھرکنا آتا تھا۔ بہت سے ہدایت کاروں کو بھی یہ بات سمجھ آ گئی تھی کہ مجھ پر مشکل رقص مسلط کرنے کے بجائے مجھے میرے اپنے فطری انداز میں تھرکنے دینا کہیں زیادہ بہتر ہے۔انہوں نے آشا بھوسلے کی آواز میں گائے گئے اس گیت کو اپنا پسندیدہ گانا قرار دیا۔
انہوں نے لکھا كہ “فلم ‘دی گریٹ گیمبلر’ کا ایک اور مقبول گیت! یہ فلم کا سب سے محبوب گانا تھا جسے ناظرین نے دل کھول کر سراہا۔ اس گانے میں رومان نہیں بلکہ ایک ایسی عورت کے اعتماد اور بے باکی کو دکھایا گیا ہے جسے بخوبی احساس ہے کہ اسے چاہنے والوں کی کمی نہیں۔
شکتی سامنت کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم کی موسیقی معروف موسیقار مرحوم آر ڈی برمن نے ترتیب دی تھی۔فلم کی کہانی امیتابھ بچن کے دوہرے کردار جے اور وجے کے گرد گھومتی ہے، جبکہ زینت امان شبنم کے کردار میں نظر آئیں جنہیں جے سے محبت ہو جاتی ہے۔
اس فلم میں نیتو سنگھ، پریم چوپڑا، اتپل دت، مدن پوری اور ہیلن سمیت دیگر فنکار بھی شامل تھے۔