ممبئی
مشہور فلم ساز رام گوپال ورما نے فلم مائیکل دیکھنے کے بعد مائیکل جیکسن کے بارے میں ایک جذباتی نوٹ شیئر کیا ہے۔ ہدایت کار نے یاد کیا کہ کس طرح ’’کنگ آف پاپ‘‘ نے ان کے کالج کے دنوں سے ہی ان کے تخیل کو شکل دی تھی، اور کہا کہ جیکسن کی موت نے اس تصوراتی دنیا کو توڑ دیا جسے وہ برسوں سے اپنے ساتھ لیے پھر رہے تھے۔
ورما نے ایکس پر ایک طویل نوٹ لکھتے ہوئے کہا کہ وہ مائیکل جیکسن سے اس لیے ’’نفرت‘‘ کرتے ہیں کیونکہ ان کی موت نے انہیں یہ احساس دلایا کہ اتنا عظیم انسان بھی آخرکار ایک انسان ہی تھا۔2009 میں جب انہیں پہلی بار جیکسن کی وفات کی خبر ملی تھی، اس دن کو یاد کرتے ہوئے ورما نے لکھا کہ میں مائیکل سے نفرت کرتا ہوں۔ ‘مائیکل’ فلم دیکھنے کے بعد میری یادیں 25 جون 2009 کے اس خوفناک دن کی طرف لوٹ گئیں، جب میں رات گئے سویا تھا اور میرے کمرے کے اندھیرے میں ٹی وی دھیمی آواز میں چل رہا تھا۔ صبح آنکھ کھلی تو اسکرین پر سیاہ پس منظر میں سفید حروف میں لکھا تھا کہ مائیکل جیکسن کا انتقال ہوگیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کئی لمحوں تک مجھے لگا کہ یہ کوئی ڈراؤنا خواب ہے۔ آخر میں ایسا خوفناک خواب کیوں دیکھوں گا؟ لیکن ٹی وی پر وہ خبر برقرار رہی اور نیوز ٹکر چلتا رہا۔ میں نے ریموٹ اٹھایا اور چینل بدلنے لگا، مگر ہر جگہ اینکرز سنجیدہ انداز میں اسی خبر پر گفتگو کر رہے تھے۔ تب مجھے یقین ہوا کہ جو ناممکن لگتا تھا، وہ حقیقت بن چکا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اپنے انجینئرنگ کالج کے دنوں میں انہوں نے وجئے واڑہ کے ایک چھوٹے سے ویڈیو پارلر میں پہلی بار تھرلر دیکھا تھا۔ اس تجربے کو ایک ’’حملہ‘‘ قرار دیتے ہوئے ورما نے کہا کہ جیکسن کی پرفارمنس نے موسیقی اور بصری دنیا کو دیکھنے کا ان کا نظریہ ہی بدل دیا۔
انہوں نے لکھا کہ وجئے واڑہ میں میرے انجینئرنگ کالج کے دن تھے 2 جنوری 1984 کو میرا ایک دوست مجھے تقریباً گھسیٹتے ہوئے ایک تاریک ویڈیو پارلر میں لے گیا اور ضد کرنے لگا کہ مجھے کچھ ضرور دیکھنا چاہیے۔ لائٹس بند ہوئیں، اور پھر ‘تھرلر’ نے مجھے ایسے جھنجھوڑا جیسے کسی نے پیٹ میں زور دار گھونسا مار دیا ہو۔ یہ صرف ایک گانا یا رقص نہیں تھا۔ یہ ایک حملہ تھا۔
ورما نے یہ بھی کہا کہ جیکسن کی ویڈیوز ان کے لیے اور فلمی دنیا کے کئی دوسرے لوگوں کے لیے ایک ایسا معیار بن گئی تھیں جس تک پہنچنا تقریباً ناممکن تھا۔ انہوں نے کہا کہ بیٹ اٹ، بلی جین، اسموتھ کرمنل، بلیک اور وائٹ، ریمیمبر دی ٹائم اور بیڈ جیسے گانے انہیں مسلسل متاثر کرتے رہے۔
انہوں نے اپنے نوٹ کا اختتام ان الفاظ کے ساتھ کیا کہ مائیکل جیکسن کا جادو ہمیشہ ان کے ساتھ رہے گا۔انہوں نے لکھا کہ آپ اس وقت جہاں بھی ہوں، جس بھی جہت میں ہوں، مجھے یقین ہے کہ آپ کہکشاؤں کے پار مون واک کر رہے ہوں گے، خلا میں اپنی روشنی بکھیر رہے ہوں گے — ایسی چمک کے ساتھ جسے ستارے بھی اپنے اندر سمو نہیں سکتے۔ اور وجئے واڑہ کے اس ویڈیو پارلر میں آپ نے جو سحر مجھ پر طاری کیا تھا، میں اسے اپنی آخری سانس تک اپنے ساتھ رکھوں گا۔
فلم مائیکل میں جعفر جیکسن نے ’’کنگ آف پاپ‘‘ مائیکل جیکسن کا کردار ادا کیا ہے۔ یہ فلم جیکسن کے کئی مشہور میوزک ویڈیوز اور پرفارمنس کے یادگار انداز کو دوبارہ زندہ کرتی ہے، جن میں تھرلر اور بیٹ اٹ بھی شامل ہیں۔