ممبئی
بالی وُڈ کے سپر اسٹار گووندا اور ان کی اہلیہ سنیتا آہوجا کے رشتے کے بارے میں کافی عرصے سے یہ کہا جا رہا ہے کہ دونوں کے تعلقات نازک مرحلے سے گزر رہے ہیں۔ ان کی شادی میں مسلسل اختلافات کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ یہاں تک کہ سنیتا آہوجا نے یہ شک بھی ظاہر کیا تھا کہ اداکار کا کسی اور کے ساتھ تعلق ہے۔ تاہم گووندا نےان تمام دعووں کو مسترد کر دیا تھا۔ اب ان کی بیٹی ٹینا آہوجا نے اپنے والدین کی طلاق کی افواہوں پر ردِعمل دیا ہے۔
ٹینا آہوجا نے کیا کہا؟
درحقیقت سنیتا آہوجا کے تازہ وڈیو بلاگ کو حال ہی میں بیٹی ٹینا نے سنبھالا۔ انہوں نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنی ماں کو حیران کر دیا اور انہیں ایک قیمتی انگوٹھی تحفے میں دی۔ ٹینا نے کہا كہ ہم عورتیں دوسروں کے لیے بہت کچھ کرتی ہیں اور اکثر اپنے بارے میں نہیں سوچتیں۔ اسی لیے میں نے اپنی ماں کے لیے کچھ خاص کرنے کا سوچا۔اس کے بعد پردے پر گووندا اور سنیتا کی طلاق سے متعلق ایک خبر دکھائی گئی۔ اس پر ٹینا نے ان افواہوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا كہ پچھلے دو سال اچھے نہیں رہے۔ یہ کافی اتار چڑھاؤ سے بھرے رہے ہیں۔
اس کے بعد وڈیو میں ٹینا اپنی ماں کے لیے پھول اور ایک کارڈ خریدتی ہوئی نظر آئیں۔ ٹینا آہوجا نے یہ بھی بتایا کہ وہ اب سبزیاں اور گھر کا دیگر ضروری سامان خریدنا سیکھ رہی ہیں کیونکہ وہ اس وقت ایک دوسرے شہر میں رہ رہی ہیں۔
اس بارے میں انہوں نے کہا كہ مجھے اس پر لوگ تنقید کا نشانہ بنا سکتے ہیں۔ میں نے حال ہی میں گوبھی اور آلو جیسی سبزیاں خریدنا سیکھنا شروع کیا ہے۔بعد میں ٹینا تمام تحفے لے کر سنیتا کے پاس پہنچیں۔ بیٹی سے بات کرتے ہوئے سنیتا نے کہا كہ ہر چیز ایک حد میں کرنی چاہیے۔ میں نے اپنی ذمہ داریاں پوری کر دی ہیں، لیکن اب میں نے اپنے لیے جینا شروع کر دیا ہے اور میں اس سے زیادہ کی حق دار ہوں۔
سنیتا نے اپنے بچوں کی خوشحالی کا بھی ذکر کیا اور کہا كہ یش اور تم دونوں اب بڑے ہو گئے ہو۔ سب اچھا ہونے والا ہے۔اس پر ٹینا نے جواب دیا كہ شکر ہے۔