میمز اور ریلز کے دور میں کامیڈی کرنا زیادہ چیلنجنگ ہے: اکشے کمار

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 24-06-2026
میمز اور ریلز کے دور میں کامیڈی کرنا زیادہ چیلنجنگ ہے: اکشے کمار
میمز اور ریلز کے دور میں کامیڈی کرنا زیادہ چیلنجنگ ہے: اکشے کمار

 



نئی دہلی
بالی ووڈ اداکار اکشے کمار نے کہا ہے کہ لوگوں کو ہنسانا ہمیشہ سے ایک مشکل کام رہا ہے، لیکن سوشل میڈیا کے اس دور میں یہ اور بھی زیادہ چیلنجنگ ہو گیا ہے کیونکہ آج ہر شخص مزاحیہ ریلز، میمز اور اسٹینڈ اپ کامیڈی سے مسلسل روبرو رہتا ہے۔فلم "بھوت بنگلہ" کے بعد اکشے کمار اب اپنی نئی کامیڈی فلم "ویلکم ٹو دی جنگل" کی ریلیز کی تیاری کر رہے ہیں۔ یہ فلم "ویلکم" فرنچائز کا حصہ ہے اور جمعہ کے روز سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
اکشے کمار نےایک انٹرویو میں کہا کہ یہ اب پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ مشکل ہو گیا ہے۔ آج ہر طرف ریلز، میمز اور کامیڈی مواد موجود ہے۔ لیکن کامیڈی ایک بڑی ندی کی طرح ہے جو کبھی خشک نہیں ہوتی۔ کامیڈی کی کئی اقسام ہیں، جیسے جسمانی کامیڈی، حالات پر مبنی کامیڈی، سلیپ اسٹک کامیڈی اور ڈارک ہیومر۔58 سالہ اداکار نے کہا کہ آج فلموں کے علاوہ بھی لوگوں کے پاس تفریح کے بے شمار ذرائع موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کو ہنسانے کے لاتعداد طریقے ہیں۔ اگر آپ انسٹاگرام کھولیں تو آپ کو بے شمار میمز اور مزاحیہ ویڈیوز نظر آئیں گی۔ لوگ روزانہ کامیڈی دیکھتے ہیں۔ کئی کامیڈی شوز ہیں اور بہت سے باصلاحیت اسٹینڈ اپ کامیڈین نیا مواد تیار کر رہے ہیں۔ لیکن اس کے باوجود لوگوں کو ہنسانا آج بھی سب سے مشکل کاموں میں سے ایک ہے۔اکشے کمار نے مزید کہا کہ لوگ اکثر کامیڈی کو کم اہمیت دیتے ہیں، حالانکہ یہ ایک انتہائی مشکل فن ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں اسٹینڈ اپ کامیڈینز کا بہت احترام کرتا ہوں۔ اکیلے اسٹیج پر کھڑے ہو کر سامعین کو ہنسانا انتہائی مشکل کام ہے۔