ممبئی :مشہور ہندوستانی اداکار رنویر سنگھ کی فلم دھورندھر نے ریلیز کے بعد باکس آفس پر شاندار کارکردگی کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے ایک اور بڑا سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ فلم نے نہ صرف شائقین کو متاثر کیا بلکہ کمائی کے نئے ریکارڈ بھی قائم کر دیے ہیں۔
ہندوستانی میڈیا کے مطابق رواں ماہ 5 دسمبر کو ریلیز ہونے والی یہ فلم سنہ 2025 کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ہندوستانی فلم بن چکی ہے۔ اب یہ فلم عالمی سطح پر 1000 کروڑ ہندوستانی روپے کمانے والی فلموں کے کلب میں بھی شامل ہو گئی ہے۔
دھورندھر نے محض 21 دنوں میں دنیا بھر سے 1006 کروڑ ہندوستانی روپے کی کمائی کر کے متعدد ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ جیو اسٹوڈیوز کے مطابق اس فلم نے اسی سال ریلیز ہونے والی بڑی فلموں کانتارا چیپٹر ون اور چھاوا کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
کانتارا چیپٹر ون نے عالمی سطح پر 852 کروڑ جبکہ چھاوا نے 807 کروڑ ہندوستانی روپے کا بزنس کیا تھا۔
ہندوستان میں بھی فلم نے غیر معمولی کامیابی حاصل کی ہے۔ رپورٹس کے مطابق ابتدائی 21 دنوں میں دھورندھر نے ملک بھر میں 650 کروڑ روپے سے زائد کا کاروبار کیا۔
جیو اسٹوڈیوز کے مطابق فلم نے ریلیز کے 21ویں دن 28.60 کروڑ روپے کمائے۔ اس شاندار کارکردگی کے باعث دھورندھر نے ڈومیسٹک نیٹ کلیکشن کی بنیاد پر سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ہندوستانی فلموں کی ٹاپ ٹین فہرست میں بھی جگہ بنا لی ہے۔
فلم نے رنبیر کپور کی فلم اینمل کو پیچھے چھوڑتے ہوئے نویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
ہدایتکار آدتیہ دھر کی یہ فلم نہ صرف 2025 کی سب سے بڑی ہٹ ثابت ہو رہی ہے بلکہ حالیہ برسوں کی کامیاب ترین ہندوستانی فلموں میں بھی شمار کی جا رہی ہے۔