ممبئی
فلم دھورندھر دی ریوینج آخرکار 19 مارچ کو ریلیز ہو گئی ہے۔ آدتیہ دھر کی اس فلم کے 18 مارچ کی شام سے ہی پریویو شوز شروع ہو گئے تھے اور شروعات کافی شاندار رہی۔ ٹریڈ رپورٹس کے مطابق رنویر سنگھ کی اس فلم نے پریویو ڈے پر دنیا بھر میں تقریباً 75 کروڑ روپے کی کمائی کر لی ہے، جس میں سے 52.75 کروڑ ہندوستان سے اور 22.25 کروڑ اوورسیز سے آئے۔ ہندوستان میں نیٹ کلیکشن تقریباً 44 کروڑ روپے رہا۔
تاہم اتنی اچھی کمائی کے باوجود کچھ مشکلات بھی سامنے آئیں۔ ملک کے کئی حصوں میں فلم وقت پر نہیں پہنچ پائی، جس کی وجہ سے کئی شوز منسوخ کرنے پڑے۔ خاص طور پر ساؤتھ انڈیا میں تمل اور تیلگو شوز تاخیر سے شروع ہوئے، جبکہ ملیالم اور کنڑ شوز کو اگلے دن کے لیے منتقل کرنا پڑا۔ ہدایت کار آدتیہ دھر نے سوشل میڈیا پر معذرت بھی کی اور بتایا کہ جن لوگوں کے شوز منسوخ ہوئے ہیں، انہیں رقم واپسی یا ہندی ورژن دیکھنے کا آپشن دیا جائے گا۔
پہلے دن کی کمائی
پہلے دن کے ابتدائی اعداد و شمار بھی سامنے آ گئے ہیں۔ “دھرندھر 2” نے اب تک تقریباً 4.3 کروڑ روپے کی کمائی کر لی ہے۔ اس طرح پریویو اور پہلے دن کو ملا کر ہندوستان میں کل نیٹ کلیکشن 48.3 کروڑ روپے ہو گیا ہے، جبکہ دنیا بھر میں مجموعی کمائی تقریباً 79.3 کروڑ روپے تک پہنچ چکی ہے۔
ریکارڈز بھی قائم
اس فلم نے اپنے پہلے حصے سے بھی بہتر اوپننگ کی ہے، جس نے پہلے دن 28 کروڑ روپے کمائے تھے۔ اس کے ساتھ ہی یہ ہندوستان میں اب تک کی سب سے بڑی پریمیئر اوپننگ بن گئی ہے، جو پہلے پون کلیان کے نام تھی۔ تاہم اوپننگ کے معاملے میں یہ اب بھی شاہ رخ خان کی فلم جوان سے پیچھے ہے، جس نے پہلے دن 75 کروڑ روپے نیٹ کمائے تھے۔ اس کے علاوہ اس کا موجودہ کلیکشن پشپا 2: دی رول ، آر آر آر ،کے جی ایف چیپٹر 2 اور کالکی 2898 اے ڈی جیسی بڑی فلموں سے بھی کم ہے۔
انڈسٹری میں امید
ڈسٹری بیوٹر راج بنسل نے کہا کہ فلم کو لے کر ایگزیبیٹرز اور ڈسٹری بیوٹرز کافی پُرجوش ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ 2026 میں ہندی فلموں کے لیے وقت زیادہ اچھا نہیں رہا، لیکن “دھرندھر 2” سے انڈسٹری کو نئی امید ملی ہے۔