ممبئی :دولت مشترکہ کھیلوں 2026 کے فاتحین لولینا بورگوہین۔ اسمتا ڈے۔ جھندو کمار اور شرمیلا دھانکر حال ہی میں امیتابھ بچن کی میزبانی والے مقبول کوئز شو ’’کون بنے گا کروڑ پتی‘‘ کے سیزن 18 میں ہاٹ سیٹ پر نظر آئے۔پروگرام کے دوران ان کھلاڑیوں نے اپنے متاثر کن سفر کے بارے میں بات کی۔ کھیلوں کی دنیا سے وابستہ یادگار لمحات شیئر کیے اور مقبول کوئز شو میں مدعو کیے جانے پر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔
پردے سے دور خاموش جدوجہد پر بات کرتے ہوئے پیرا ایتھلیٹ شرمیلا دھانکر نے کہا کہ پیرا ایتھلیٹ کی حیثیت سے کئی برس تک اسپاٹ لائٹ سے دور رہ کر تربیت حاصل کرنا پڑتی ہے اور ایسی جسمانی اور سماجی رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے جنہیں بہت کم لوگ دیکھ پاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ’’کون بنے گا کروڑ پتی‘‘ میں مدعو کیا جانا ان نظر نہ آنے والی جدوجہد کی قومی سطح پر پذیرائی کے مترادف ہے۔ امیتابھ بچن کے ساتھ گفتگو ان کے لیے بہت حوصلہ افزا رہی کیونکہ وہ لوگوں کو یہ احساس دلانے کا ہنر رکھتے ہیں کہ کوئی بھی جدوجہد رائیگاں نہیں جاتی۔
شرمیلا نے کہا کہ اس پروگرام نے پورے ملک کو دکھایا ہے کہ مضبوط ارادے کے ساتھ کوئی بھی رکاوٹ اتنی بڑی نہیں ہوتی جسے عبور نہ کیا جاسکے۔باکسنگ میں اپنے منفرد سفر کے حوالے سے لولینا بورگوہین نے بھی شو میں شرکت پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں لگتا تھا کہ اولمپک باکسنگ رنگ میں اترنے کے دباؤ اور جوش کا مقابلہ دنیا کی کوئی چیز نہیں کرسکتی۔ لیکن امیتابھ بچن کے سامنے کے بی سی کی ہاٹ سیٹ پر بیٹھنے کے بعد انہیں اندازہ ہوا کہ یہ ایک بالکل مختلف نوعیت کا ذہنی امتحان ہے۔
انہوں نے کہا کہ رنگ میں کھلاڑی اپنے تجربے اور فوری ردعمل پر بھروسہ کرتا ہے لیکن ہاٹ سیٹ پر بیٹھ کر ذہنی تیزی کا امتحان ہوتا ہے۔لولینا نے کہا کہ عالمی سطح پر ہندوستان کی نمائندگی کرنا ان کی زندگی کا سب سے بڑا اعزاز ہے اور ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ کے بی سی میں عزت اور پذیرائی ملنا ایسا لمحہ ہے جسے وہ ہمیشہ یاد رکھیں گی۔
اسمتا ڈے نے بھی کے بی سی سے اپنی دیرینہ وابستگی کا ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ بچپن میں وہ ہر شام اپنے خاندان کے ساتھ کے بی سی دیکھتی تھیں۔ وہ اکثر ٹی وی اسکرین کو دیکھ کر سوچتی تھیں کہ امیتابھ بچن کے ساتھ ایک ہی جگہ موجود ہونا کیسا محسوس ہوگا۔انہوں نے کہا کہ آج اسی اسٹیج پر امیتابھ بچن کے ساتھ کھڑا ہونا ان کے لیے ناقابل یقین تجربہ ہے۔
اسمتا نے کہا کہ جوڈو میں میدان پر ہر سیکنڈ توازن۔ توجہ اور کئی برس کی خاموش محنت کا تقاضا کرتا ہے۔ کے بی سی جیسے پروگرام کے ذریعے اپنے کھیل اور اپنے سفر کی کہانی ملک کے گھر گھر تک پہنچانا ان کے لیے بہت بڑا اعزاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ امیتابھ بچن کے ساتھ اس پلیٹ فارم پر وقت گزارنا صرف ان کا ذاتی خواب پورا ہونا نہیں بلکہ ہندوستانی جوڈو کے لیے بھی فخر کا لمحہ ہے۔اسمتا ڈے نے دولت مشترکہ کھیلوں میں جوڈو کے مقابلوں میں ہندوستان کے لیے پہلی بار طلائی تمغہ جیت کر تاریخ رقم کی۔ لولینا بورگوہین نے 75 کلوگرام باکسنگ زمرے میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔
جھندو کمار نے گلاسگو میں ہونے والے دولت مشترکہ کھیلوں 2026 میں مردوں کے ہیوی ویٹ پیرا پاور لفٹنگ مقابلے میں ہندوستان کے لیے پہلا تمغہ جیتا۔’’کون بنے گا کروڑ پتی‘‘ کا سیزن 18 ہر پیر سے جمعہ رات 9 بجے سونی انٹرٹینمنٹ ٹیلی ویژن اور سونی لِو پر نشر کیا جاتا ہے۔